نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
1 منٹ read

نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں باہمی تعاون مزید بڑھانے کے خواہشمندہیں۔

بدھ کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبيد الزعابی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی ۔یو اے ای سفیر نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

وزیر اعظم نے مبارکباد کے پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے معاشی اور مالی استحکام کے لئے متحدہ عرب امارات کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے کام کرنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے اس سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں کوپ 28 سمٹ کی کامیابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار پر بھی زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت ان کی مسلسل حمایت جاری رکھے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں