بٹگرام میں ریسکیو آپریشن کرنےوالوں کےاعزازمیں تقریب،نگران وزیراعظم نےاسناد تقسیم کیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پیچیدہ ریسکیو آپریشن کی کامیابی کیلئے بہترین حکمت عملی تیار کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، طاقت کے زور پر اپنی بات منوانے کے خواہشمند غلط فہمی دور کر لیں ایسا کچھ نہیں ہو گا، نگراں حکومت کی ذمہ داری انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بٹگرام چیئر لفٹ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کیونکہ چیئرلفٹ حادثہ کے طالب علموں کو اﷲ تعالیٰ نے نئی زندگی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد پوری قوم پریشانی اور خوف و خدشات کا شکار تھی کیونکہ ان طالب علموں کی زندگی کا معاملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور یہ پاکستان کا چہرہ ہیں، ہم نے مربوط انداز میں کوشش کرکے اپنے مستقبل کو بچایا، یہ بچے میرے بیٹے جیسے تھے، ان کو اس حالت میں دیکھ کر افسردگی بڑھ جاتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں اس بات پر تھیں کہ پاکستان اس مشکل سے کیسے نمٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل موسم اور صورتحال کے باوجود بھرپور منصوبہ بندی اور مربوط طریقے سے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، طالب علموں کا امداد کیلئے آنے والے فوجی جوانوں کو دیکھ کر حوصلہ بلند ہوا، یہ کامیابی ہم سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے، پوری قوم نے ان بچوں کی زندگیوں کیلئے دعائیں کیں، اﷲ تعالیٰ نے ہماری اجتماعی دعائیں قبول کیں، ہمارا ایمان ہے کہ فیصلے آسمان پر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تلخ واقعات ہماری زندگی میں آتے رہتے ہیں، گذشتہ روز وزیرستان میں پاک فوج کے جوان شہید ہوئے، پاک فوج، پولیس، سیاستدانوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم اپنے شہداء کو نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہداء ہمارے خونی رشتہ داروں سے بڑھ کر ہیں، ہمارا ان کے ساتھ مضبوط سماجی معاہدہ ہے، پاکستانیت وسیع لفظ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو صحت، تعلیم کی سہولیات، روزگار اور باعزت زندگی کا موقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ بزور طاقت سب کچھ تبدیل کر دیں گے، انہیں اپنی غلط فہمی دور کر لینی چاہئے، ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا گھر ہے، گھر کا نظام بااختیار اور باصلاحیت لوگوں کے پاس ہے، 80 ہزار شہداء کے پورے خاندان ہیں، ان کا درد الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، صرف وہ محسوس کر سکتا ہے جو اس سے خود گزرا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کیلئے قربانیاں دینے والوں کو عزت و احترام دیتے ہیں، ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، قرآن پاک میں شہداء کا عظیم رتبہ بیان کیا گیا ہے،

ہم اپنے شہداء کے مقروض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے پاس محدود وقت ہے، انتخابات میں معاونت فراہم کرنا ہمارا مینڈیٹ ہے لیکن بطور شہری مجھے بھی اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ 22 اگست کو چیئرلفٹ حادثہ کے آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس جی کمانڈوز سمیت دیگر اداروں اور مقامی افراد کی کارکردگی قابل تعریف رہی، تمام اداروں نے مربوط انداز میں آپریشن کامیابی سے مکمل کیا،

این ڈی ایم اے ناگہانی آفات اور حادثات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق نے بٹگرام چیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس جی کمانڈوز سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں اور مقامی افراد میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں