نگران وزیر مذہبی امور کا سعودی عرب کے 93 ویں قومی دن کی مناسبت سے خصوصی پیغام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان کے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن کے موقع سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سمیت سعودی عرب کے تمام شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کے روز وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی اپنے سعودی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکمرانوں نے جس طرح ضیوف الرحمن کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کی ہیں وہ قابل قدر ہیں، سعودی عرب ہر میدان میں مثالی ترقی کرتا ہوا مسلم امہ کا ایک ممتاز اور انتہائی اہم ملک ہے، ہمیں خوشی ہے کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے 27 ملین پاکستانی بھی سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں شریک ہیں۔

اپنے وطن سے محبت ہر شہری کو ورثے میں ملتی ہے تاہم سعودی عرب اس لحاظ سے منفرد مملکت ہے کہ سعودی شہریوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے کونے کونے میں بسنے والے مسلمان خواہ کسی بھی ملک سے تعلق رکھتے ہوں سعودی عرب اور اس کے شہریوں سے خاص لگاؤ اور عقیدت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے اپنے قیام سے لے کر اب حیرت انگیز ترقی کی ہے اور یہ سلسلہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کے دور حکومت میں خصوصاً وژن 2030 کے باعث تیز تر ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین خوشگوار برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے دوام اور مملکت کی ترقی و استحکام کیلئے دعاگو ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں