بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

ٹیم میں حسن علی کی واپسی جبکہ شاداب خان قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان رہیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

بھارت میں آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ہم نے اعلان کریں گے کہ کون سی ٹیم ہے، ہم نے جو لوگ سلیکٹ کیے ہیں، اللہ اس میں برکت ڈالے اور ان شاء اللہ پاکستان فتح یاب ہو کر آئے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق 15 کھلاڑیوں کو اسکواڈ دے سکتے ہیں اور تین ریزور کھلاڑی ہیں، جو ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔

ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، حارث رؤف، افتخار احمد، شاہین آفریدی، محمد رضوان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، سعود شکیل، سلمان آغا اور اسامہ میر شامل ہیں۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کی وجہ سے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں جب کہ ان کی جگہ حسن علی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ ورلڈ کپ کے لیے تین کھلاڑیوں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے جن میں محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان شامل ہیں۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ حسن علی کو تجربے کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، بڑے ایونٹ میں تجربہ کار بولر کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ نسیم شاہ کا ٹیم میں نہ ہونا ہمارے لیے نقصان ہے لیکن پرامید ہیں وہ جلد ہی ٹیم میں واپس آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فاسٹ بولرز میں کافی انجریز ہیں، بڑے میچز میں کوشش کی ہے کہ بولر ایسے ہوں جن کے پاس تجربہ ہوں جنہوں نے میچز کھیل رکھے ہوں، بھارت میں دوسری ٹیموں کی نسبت ہم پر زیادہ پریشر ہوتا ہے اس لیے پریشر ہینڈل کا بھی مسئلہ ہوتا ہے ان چیزوں کو دیکھتے ہوئے حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 پانچ اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے جس کے لیے ٹیمیں بھارت پہنچنا شروع ہو گئی۔

پاکستان کو ورلڈ کپ میں پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈ کے ساتھ ہے جب کہ اس سے پہلے قومی ٹیم وارم اپ میچز کھیلے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں