شیخوپورہ: میانوالی ایکسپریس کھڑی ہوئی مال گاڑی سے ٹکرا گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

شیخوپورہ کے علاقہ قلعہ ستار شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب اتوار کے روز مسافر ٹرین میانوالی ایکسپریس ٹریک پر کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی۔

ترجمان ریلوے کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے قلعہ ستار شاہ کے قریب میانوالی سے لاہور آنے والی میانوالی ایکسپریس کا پٹڑی پر کھڑی مال بردار گاڑی سے تصادم ہو گیا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر ریسکیو کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کے بعد ٹریک صبح 7:30 بجے کلیئر کر دیا گیا تھا اور میانوالی ایکسپریس کو بھی منزل کیلئے روانہ کر دیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال شیخوپورہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین کا کانٹا تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، اکثر لوگ سو رہے تھے کہ اچانک حادثہ پیش آنے پر ہر طرف شور مچ گیا، دوسری جانب ریلوے حکام نے غفلت پر 4 اہلکاروں کو فوری معطل کر دیا ہے۔

ریلوے ترجمان کے مطابق وزارت ریلوے کی ہدایت پر ڈپٹی پرنسپل افسران کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو 24 گھنٹے میں اپنی رپورٹ چیئرمین ریلوے کو پیش کرے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں