ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر ہم سعودی مملکت کے شکر گزار ہیں: صادق سنجرانی

پاکستان اور سعودی عرب کو اپنے حقوق، خود مختاری کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنا چاہئے؛ یوم الوطنی کی اسلام آباد میں رنگا رنگ تقریب سے چیئرمین سینیٹ کا خطاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے سفارت خانے کے زِیر اہتمام اسلام آباد میں 93 ویں یوم الوطنی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور پاکستان کی اعلٰی سول و فوجی قیادت نے شرکت کی۔

پیر کو ہونے والی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین صادق سنجرانی تھے، جبکہ دیگر مہمانوں میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر برائے صنعت گوہر اعجاز، مولانا فضل الرحمان، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ ظفر الحق، سینیٹر مشاہد حیسن سید، خرم دستگیر، جہانگیر ترین، شیری رحمان، فواد چوہدری اور دیگر معروف سیاسی وسماجی شخصیات شامل تھیں۔

تقریب کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور سعودی عرب کی تعمیر وترقی اور پاکستان کے ساتھ تعلقات پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ لیزر لائٹس کے ذریعے سعودی ثقافت اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی شخصیت کی عکس بندی کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بھائی چارے کے رشتے کی بنیاد اخلاص اور محبت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ سماجی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی بھائی بھائی ہیں اور سعودی عرب پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو اپنے حقوق اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ملکر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، شاہی خاندان اور سعودی قوم کو قومی دن کی مبارک پیش کرتا ہوں۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک میں ایسا بندھن ہے جو سیاسی اور سفارتی دائرہ کار سے بالاتر ہے، ہماری شراکت داری علاقائی امن اور استحکام کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم پر مبنی ہے، ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر ہم سعودی عرب کے شکرگزار ہیں، ہمیں اپنے حقوق اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے، محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب مزید ترقی کررہا ہے اور مستقبل میں مزید ترقی کرے گا۔

سعودی سفیر نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں