راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے کندھ کوٹ میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

کندھ کوٹ کے علاقے مہوال شاہ میں واقع گھر کے اندر راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے جاں بحق ہونے والے ان آتھ افراد میں چار بچے، ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی کشمور کندھ کوٹ روحیل کھوسہ کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹ کے مطابق کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں تھانہ گھوگھاٹ کی حدود میں علی نواز سبزوئی نامی شخص کے گھر کے اندر راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے چار بچوں سمیت آتھ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، مزید تفتیش جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ایس ایس پی کشمور کندھ کوٹ نے بتایا کہ بچوں کو گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے راکٹ کا گولہ ملا جسے وہ گھر لے آئے جہاں وہ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو بھی گھیرے میں لے لیا ہے، مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ سول ہسپتال کندھ کوٹ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے جانی نقصان پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے آئی جی پولیس کو ہدایت دی کہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ دی جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں