دہشت گردوں کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی حاصل ہے: آرمی چیف

پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں: چیف آف آرمی سٹاف کا دورہ کوئٹہ کے موقع پر اظہار خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ’حالیہ دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔‘

سنیچر کو کوئٹہ میں چیف آف آرمی سٹاف کو مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلی بلوچستان اور اہم صوبائی وزرا کے علاوہ اعلی سول وعسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ شرکا کی جانب سے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ 12ربیع الاول کو ہونے والے دہشت گردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں- اس دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے، یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کی عوام کے دشمن ہیں

آرمی چیف نے کہا کہ بدی کی طاقتیں ریاست اور سیکورٹی فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی جنہیں ایک مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے، دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے، پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شرپسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔

آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے۔ آرمی چیف نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا۔

آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ آرمی چیف نے زخمیوں اور شہدا کے لواحقین کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ کوئٹہ آمد پر وزیراعلی بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں