وفاقی کابینہ کی منظوری سے حاضر سروس تھری سٹار جنرل چیئرمین نادرا تعینات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

حکومت نے حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کر دیا، وفاقی کابینہ نے باضابطہ منظوری دے دی۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔

چیئرمین نادرا کے لیے وزارت داخلہ کی سمری پر تین مجوزہ ناموں میں سے لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی) کی تقرری کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سلیکشن کمیٹی نے نادرا کے چیئر مین کے لئے تین بہترین امید واروں کے نام شارٹ لسٹ کیے تھے۔ کابینہ نے تفصیلی غور خوض کے بعد نادرا کے نئے چئیر مین کے لیے لیفٹننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تقرری کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزارتِ تعلیم وفنی تربیت کی سفارش پر سعودی ایجنسی تکامل (Takamol) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن کے مابین سروس لیول ترمیمی معاہدے کی منظوری دے دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پیشہ وارانہ تعلیم اور فنی تربیت کے پروگرامز کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہنر مند افراد کی بیرون ملک روزگار مواقع بڑھانے کے حوالے سے اقدامات اٹھاے جائیں۔ افرادی قوت ہمارا سرمایہ ہے, افرادی قوت کو عصری تقاضوں کے مطابق ہنر کی فراہمی کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے.

انہوں نے ہدایت کی کہ فنی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے موجودہ تمام مراکز کو فعال کیا جائے۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ایریا اسٹڈیز سینٹر، یونیورسٹی آف پشاور اور ہنگری کی کوروینس (Corvinus) یونیورسٹی کے سینٹرل ایشیا ریسرچ سینٹر کے مابین معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی ہے ۔

وفاقی وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سمٹ بینک لمیٹڈ کا نام بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ اسی طرح حکومت پاکستان اور حکومت ایکواڈور کے مابین معاہدے کی منظوری دی گئی جس کے تحت دونوں ممالک کے ڈپلومیٹک، آفیشل اور اسپیشل پاسپورٹ ہولڈرز باہمی طور پر ویزا سے مستثنی ہوں گے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی 6 ستمبر 2023 اور 19 ستمبر 2023 کے اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں