ٹانک میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں، بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے: آئی ایس پی آر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے پیزو میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ آپریشن کیا، دوران آپریشن سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں، بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو سراہا، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

اس سے قبل 29 ستمبر کو سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مردان اور پارا چنار میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کی تھیں جہاں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہو گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع مردان میں کاٹلانگ کے شہری علاقے میں کارروائی کی جہاں انتہائی مطلوب دہشت گرد گروپ کا سربراہ فیصل مارا گیا۔

کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

پاک فوج نے 26 ستمبر کو ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے دہشت گرد کمانڈر کفایت عرف تور عدنان سمیت 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

سکیورٹی فورسز نے اس سے قبل 21 ستمبر کو خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

سکیورٹی فورسز نے پہلی کارروائی ضلع بنوں کے علاقےجانی خیل میں کی جہاں اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دتہ خیل میں کی تھی اور اس دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

20 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں