اسرائیلی جارحیت کے خلاف کراچی پریس کلب تا گورنر ہاؤس صحافیوں کا غزہ مارچ

اقوام متحدہ غزہ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی آزادانہ تحقیقات کے لیے کمیشن بنائے۔

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و ستم اور صحافیوں کو نشانہ بنانے کے خلاف کراچی پریس کلب سے گورنر ہاوس تک غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا، مارچ میں خواتین اور بچوں سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جس میں صحافیوں نے غزہ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران صحافیوں کی شہادت پر آزادانہ تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق غزہ میں صحافیوں کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کے خلاف غزہ مارچ میں صحافیوں سمیت وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد، خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مارچ کے شرکاء نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینی مظلوموں کے ساتھ اظہار یک جہتی اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے جب کہ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے پرجوش نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

گورنر ہاؤس کے سامنے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد ،صدر پی ایف جو جے جی ایم جمالی، سیکریٹری ایف یو جے دستور اے ایچ خانزادہ، صدر کراچی یونین جرنلسٹس دستور خلیل ناصر، سیکرٹری نعمت خان، عاجز جمالی، عامرلطیف، مقصود یوسفی، احمد حسن، طارق ابو الحسن، جاوید چوہدری، احمد حسن، جمیل احمد اور مختلف صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے مارچ کے شرکاء سے خطاب بھی کیے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ غزہ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی آزادانہ تحقیقات کے لیے کمیشن بنائے۔ اسرائیل غزہ اور لبنان میں جنگی جرائم میں ملوث ہے اسرائیل دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس نے سب سے زیادہ صحافیوں کا قتل کیا ہے۔ اسرائیل آزاد صحافت کے خلاف جرائم کی طویل تاریخ رکھتا ہے۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل 50 سے زائد صحافیوں کو ان کے گھروں میں نشانہ بنا کر اہل خانہ سمیت شہید کیا ہے۔ صحافی رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں صحافیوں کے قتل پر اقوام متحدہ کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ عالمی صحافتی تنظیموں کی جانب سے بھی اسرائیل کا نام لے کر اس کی مذمت نہ کرنا افسوس ناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی صحافتی تنظیموں کو خطوط لکھ کر ان کے جانبدارانہ رویہ کی جانب توجہ مبذول کرائی جائے۔ مارچ کے شرکاء نے معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ سچ کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ فلسطینی ماوں بہنوں بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں