مشرق وسطیٰ کو پاکستانی برآمدات میں 21 فیصد سے زیادہ اضافہ

سعودی عرب امارات کے بعد مالیت کے لحاظ سے خطے میں پاکستان کی دوسری بڑی منڈی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مشرق وسطیٰ کو برآمدات میں پھر سے بہتری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اور رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پچھلے سال اسی مدت کے مقابلے میں 21.38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق خاص طور پر متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور کویت جیسے ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا۔ تاہم، زیر جائزہ مدت کے دوران قطر کو برآمدات میں کمی دیکھی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال یعنی 2023 میں، مشرق وسطیٰ کے لیے پاکستان کی برآمدات اس سے پچھلے مالی سال کے 2.669 بلین ڈالر کے مقابلے میں 12.62 فیصد کم ہوکر 2.332 بلین ڈالر رہ گئی تھیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال یعنی 2024 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران سعودی عرب کو برآمدات میں میں 29 فیصد اضافہ دیکھا گیا جو گذشتہ سال کے اسی مہینوں کے مقابلے میں 114.83 ملین ڈالر سے بڑھ کر 149.27 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ سعودی عرب امارات کے بعد مالیت کے لحاظ سے خطے میں پاکستان کی دوسری بڑی منڈی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے مقابلے میں سعودی عرب کی برآمدات پچھلی دہائی میں تقریباً 500 ملین ڈالر پر رک گئی ہیں جس کی بڑی وجہ مارکیٹ تک رسائی نہ بڑحنا بتائی جاتی ہے۔ سعودی عرب کو سر فہرست برآمدات میں چاول، گائے کا گوشت، خیمے، ٹیکسٹائل اور دوسری مصنوعات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سے مشرق وسطیٰ کو ہونے والی کل برآمدات میں سے تقریباً 62 فیصد حصہ صرف متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ کاہے۔

اس سال کی پہلی سہ ماہی میں متحدہ عرب امارات کو پاکستان کی برآمدات 27.6 فیصد اضافے کے ساتھ 472.15 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گذشتہ سال کے اسی مہینوں کے مقابلے میں 369.89 ملین ڈالر تھیں۔ رواں مالی سال کے دوران متحدہ عرب امارات کو برآمدات میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی سات ریاستوں میں سے برآمدات کا بڑا حصہ دبئی جاتا ہے جو کہ 14.36 فیصد کے اضافے کے ساتھ جولائی ستمبر FY24 کے دوران 381.66 ملین ڈالر رہیں۔ جبکہ گذشتہ سال کے اسی مہینے میں یہ برآمدات 331.99 ملین ڈالر تھیں۔

پاکستان سے متحدہ عرب امارات کو برآمد کی جانے والی سر فہرست مصنوعات میں چاول، گائے کا گوشت، مردوں کے/ لڑکوں کے کپڑوں، پھلوں میں امرود، آم وغیرہ شامل ہیں۔

جولائی تا ستمبر مالی سال 24 کے دوران کویت کو پاکستان کی برآمدات گذشتہ سال کے اسی مہینوں کے مقابلے میں 26.14 ملین ڈالر سے بڑھ کر 4.2 فیصد کے اضافے سے 27.26 ملین ڈالر ہو گئیں۔

قطر کو پاکستان کی برآمدات مالی سال 23 کے دوران 50.81 ملین ڈالر کے مقابلے میں جولائی ستمبر FY24 میں 23.6 فیصد کم ہو کر 38.78 ملین ڈالر رہ گئیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں