دبئی روڈ شو میں پاکستانی سٹارٹ اپس خطیر سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

توانائی، فن ٹیک، ریٹیل، تعلیم، صحت سمیت مختلف شعبوں میں کام کرنے والی پاکستانی اسٹارٹ اپس دبئی روڈ شو میں کروڑوں ڈالر مالیت کے حامل سنجیدہ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر نے تین روزہ سرمایہ کاری روڈ شو کے بارے گزشتہ دنوں بتایا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں کروڑوں ڈالر کےان معاہدوں کے عملی شکل اختیار کرنے کے بارے میں پر امید ہیں۔

یہ روڈ شو، جو منگل کو اختتام پذیر ہوا، پاکستان کی اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ اس ایونٹ کا مقصد پاکستانی کمپنیوں کی کاروباری صلاحیتوں کی طرف غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا۔

اس شو میں 30 سے زائد پاکستانی سٹارٹ اپس نے اپنے کاروباری آئیڈیاز کئی بین الاقوامی کاروباری شخصیات کے سامنے پیش کئے۔ اس موقع پرSIFC حکام نے بھی ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کی کوششوں کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ادارے SIFC نے اس روڈ شو کو جو پاکستان کی تاریخ میں ایسی پہلی نمایاں منصوبہ بندی تھی کو عالمی سطح پر غیر ملکی سرمایہ کار کو گرویدہ بنانے کے لیے ایک بےمثال کوشش قرار دیا۔

امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس تقریب کے حوالے سے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک کامیاب ایونٹ تھا جس نے پاکستانی فن ٹیک، توانائی، تعلیم، صحت اور ریٹیل سٹارٹ اپس میں لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے آغاز کا راستہ ہموار کیا۔انہوں نے کہا کہ سٹارٹ اپس نے اپنی مصنوعات اور سروسز کے بارے میں سرمایہ کاروں کو تفصیل سے بتایا جس کا انہیں بہت مثبت ردعمل ملا۔

سرکردہ سرمایہ کاروں نے مختلف پیش کردہ منصوبوں کے لیے عملی طور پر آگے بڑھنے اور اس مقصد کے لیے سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنجیدہ سرمایہ کاروں کو سٹارٹ اپس کی جانب سے ضروری ڈیٹا اور دستاویزات کی فراہمی کے بعددو طرفہ معاہدوں کو کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد اگلے دنوں میں اس حوالے سے سرمایہ کاری کا حجم واضح ہو جائے گا۔

اس منفرد روڈ شو کو زبردست توجہ حاصل ہوئی، ہر روز حاضری توقع سے زیادہ تھی۔ تینوں دنوں کے دوران ہر سیشن میں ہم تقریباً 100 کاروباری افراد کی شرکت کی توقع کر رہے تھے، لیکن حقیقت میں ہر سیشن میں 175 سے زیادہ سرفہرست سرمایہ کار، وینچر کیپٹل اور دوسری کمپنیوں کے نمائندے موجود تھے۔

پاکستان کی اعلیٰ سطحی سرمایہ کاری کاؤنسل SIFC کی اپیکس کمیٹی کے سیکرٹری، ڈاکٹر محمد جہانزیب خان نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئی کہا کہ کونسل نے اس کامیاب تقریب کی طرح کے مزید روڈ شو اور سیمینار خلیجی ممالک میں منعقد کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں