نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کے نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین بالخصوص غزہ میں قابض صہیونی فوجوں کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے قتلِ عام ونسل کشی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ریاض میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے فلسطین رہنما کو یقین دلایا کہ پاکستان فلسطین کے لوگوں کی سفارتی واخلاقی مدد جاری رکھے گا۔

وزیرِ اعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔ وزیرِ اعظم نے عالمی قوتوں کی غزہ میں جاری بربریت پر خاموشی کو شرمناک قرار دیا۔

پاکستان وزیر اعظم فلسطینی صدر سے سعودی عرب میں ملاقات کر رہے ہیں

وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ عالمی قوتیں غزہ میں جنگ بندی، نہتے فلسطینیوں بالخصوص معصوم بچوں کے قتل عام کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی اور اشیاءِ ضروریہ وطبی امداد کی فراہمی کے لیے راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا۔

صدر محمود عباس نے پاکستان کا اس مشکل وقت میں فلسطینیوں کا ساتھ دینے اور غزہ کے محصور مسلمانوں کیلئے امداد بھیجنے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں