سعودی کمپنی نے پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے دروازے کھول دیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی ،جواد سہراب ملک نے کہا ہے کہ سعودی کمپنی البوانی ہولڈنگز کے ساتھ پاکستانی تارکین وطن کے لیے ملازمتیں فراہم کرنے کے حوالے سے آمادگی ظاہر کرنے کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

وزیر اعظم کے مشیر ان دنوں ملازمتوں کے مواقع اور انسانی وسائل پر تعاون بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔ گذشتہ دنوں انہوں نے ریاض میں البوانی ہولڈنگز کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انکی ملاقات کمپنی کے سی ای او اور چیئرمین، انجینئر فخر الشاف سے ہوئی۔

البوانی ہولڈنگز، ایک سو فیصد سعودی ملکیت کی حامل کمپنی ہےجو بین الاقوامی معیارکو برقرار رکھنے کیلئے مختلف شعبوں میں بہترین انسانی وسائل ور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتی ہے۔ یہ مختلف فرموں کا ایک متنوع اتحاد ہے، جو سعودی تعمیراتی شعبے میں سب سے نمایاں پانچ کمپنیوں میں شامل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق البوانی کی آمدنی 2027 تک بڑھ کر 7.2 ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب پاکستانی تارکین وطن کی سب سے بڑی منزل ہے جہاں 20 لاکھ سے زیادہ افراد رہائش پذیر ہیں۔ سعودی عرب پاکستان کو ترسیلات زر کی مد میں سب سے ذیادہ زرمبادلہ بھیجنے والے ممالک میں بھی سرفہرست ہے۔

تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وزارت کے ایک بیان کے مطابق جواد ملک نے کمپنی کے چیئرمین کو بتایا کہ پاکستانی افرادی قوت تربیت یافتہ اور ضروری مہارت اور علم کی حامل ہے، جو سعودی عرب میں تعمیراتی کام کے لیے ایک موزوں ترین انتخاب ثابت ہوگی ۔ پاکستان کی اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (OEC) اور البوانی کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ (LOI) پر دستخط دراصل پاکستانی افرادی قوت کی قابلیت کا اعتراف ہے-

وزارت نے مزید کہا کہ یہ یادداشت باہمی فائدے کے لیے تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ایک قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے، جو مستقبل قریب میں پاکستانی پیشہ ور افراد اور کارکنوں کے لیے روزگار کے بے شمار مواقع کھولنے کا باعث بن سکتا ہے۔

البوانی ہولڈنگز نے یہ بھی کہا کہ وہ افرادی قوت کو مزید تربیت دینے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق درکار مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیےپاکستان میں ایک جدید ترین انسانی وسائل کا تربیتی مرکز قائم کرے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں