غیر قانونی تارکین وطن پاکستان کی سلامتی، معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا پشاور کا دورہ، سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ، قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکاء سے بھی خصوصی خطاب کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے، غیر قانونی غیر ملکیوں کو باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں سپہ سالا کو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی، سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی واقتصادی ترقی کی پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کی بے مثال کارکردگی کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دورہ پشاور کے دوران آرمی چیف نے قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا(NWKP-1) کے شرکا ء سے بھی خصوصی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ کامیابی پاکستان کا مقدر ہے، پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پر عزم حمایت حاصل ہے، دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے، آرمی چیف نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں