پاکستان میں اجارہ سکوک اسلامی بانڈز کا اجرا، وزیر اعظم نے افتتاح کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کی بہتر صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ میں تیزی کارجحان ہے جواس وقت اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ، آئی ایم ایف سے سٹینڈبائی معاہدے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، ایسے معاشی استحکام کےلئے کوشاں ہیں جس کے ثمرات سے ہر طبقہ مستفید ہو، وفاقی حکومت معیشت کی بہتری کے لئے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار جمعہ کو یہاں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ملکی معاشی ترقی اور اقتصادی لچک سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر شمشاد اختر اور وزارت خزانہ ، سٹاک مارکیٹ ، سکیورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت میں سٹاک مارکیٹ کاکلیدی کردار ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی سکیورٹیز آکشنز ، سرمایہ کاروں کااعتماد بڑھانے ، قرضوں کے حصول میں آسانی اور شفافیت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہےہیں۔ سٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ کاروں کی طرف سے حکومتی اجارہ سکوک کی پہلی پرائمری آکشن میں شرکت کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریٹیل سرمایہ کاروں کی بالخصوص حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ سٹاک بروکر ایسوسی ایشن ، ایس ای سی پی اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے پرائمری مارکیٹ آکشن کو فروغ دینے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مددملتی ہے۔ ترقی اور خوشحالی کی طرف آگے بڑھنے کے مواقع ملتے ہیں۔ رواں سال ہماری معیشت کو مختلف چیلنجوں کا سامنا رہا ہے اور حکومت نے ڈھانچہ جاتی اور مائیکرواقتصادی مسائل کو حل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے۔ اس سلسلہ میں معیشت کو دوبارہ اپنے راستے پر گامزن کرنے کے لئے تمام متعلقہ فریقین کے تعاون کو سراہتے ہیں جس سے ڈالر کی قدر کو نیچے لانے میں مدد ملی ہے جو کہ 5 ستمبر 2023 کو 307 روپے تک پہنچ گیاتھا اور آج یہ انٹر بینک میں 284 روپے کے لگ بھگ ہے، اس سے افراط زر کی شرح میں بھی کمی ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے ان مثبت اقدامات سے ملک میں سازگار کاروباری سرگرمیوں کے لئے ماحول پیدا ہوا ہے۔ ملکی معیشت کی بہتر صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے جو اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت پائیدار اقتصادی ترقی اور معیشت کی بہتری اور کیپٹل مارکیٹ کےفروغ کے لئے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔ ہمیں جدت کے فروغ ،ریگولیٹری فریم ورک میں بہتری لانے اورشفافیت کے لئے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں تاکہ وہ بنیاد مستحکم رہے جس پر ہماری کیپٹل مارکیٹ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایسے معاشی استحکام کے لئے کوشاں ہیں جس کے ثمرات سے ہر طبقہ مستفیدہو۔ بعدازاں وزیراعظم نے رسمی گھنٹہ بجا کرسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ تقریب سے نگران وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر شمشاد اختر نے بھی خطاب کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں