الیکشن 2024: کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیوں کی سماعت آج سے شروع

کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں جمع کرانے کا عمل بدھ تک جاری رہے گا جن پر فیصلے 10 جنوری 2024 تک کر دیے جائیں گے۔

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے لیے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا۔

سنیچر کی شام امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسران نے اُن امیدواروں کی فہرستیں جاری کیں جن کے کاغذات منظور کیے گئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں آج (اتوار) سے اپیلیں دائر کی جائیں گی۔

کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں جمع کرانے کا عمل بدھ تک جاری رہے گا جن پر فیصلے 10 جنوری 2024 تک کر دیے جائیں گے

الیکشن ٹریبونلز کے سامنے ایسے امیدوار بھی اپیل دائر کر سکتے ہیں جن کے مخالف امیدواروں پر اعتراضات کو ریٹرننگ افسران نے مسترد کر دیا ہو۔ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں اپیلیں دائر کرانے کا عمل بدھ تک جاری رہے گا۔

عام انتخابات میں حصہ لینے امیدواروں کی ابتدائی فہرست 11 جنوری کو آویزاں کی جائے گی اور امیدوار 12 جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات 13 جنوری 2024 کو الاٹ کیے جائیں گے اور پولنگ آٹھ فروری 2024 کو ہو گی۔

سنیچر کو جب ملک بھر کے اضلاع میں ریٹرننگ افسران نے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی یا جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرستیں جاری کیں تو بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے جن میں کئی نامی گرامی شخصیات شامل تھیں۔

ان سیاسی رہنماؤں میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا نام سرفہرست ہے۔ اُن کے علاوہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل شامل ہیں۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پنجاب کی سابق وزیر یاسمین راشد بھی اُن شخصیات میں شامل ہیں جن کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں