سیکریٹری عمر حمید کی صحت نے اجازت دی تو جلد فرائض سرانجام دیں گے: الیکشن کمیشن

افواہوں پر دھیان نہ دیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی خبر پر مرتضیٰ سولنگی کا رد عمل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ کمیشن کے سیکریٹری احسن طریقے سے کام کر رہے ہیں، تاہم گذشتہ دنوں سے میڈیکل ریسٹ پر رہے ہیں، صحت نے اجازت دی تو وہ جلد ہی اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن کرونا کے باعث رخصت پر ہیں اور عمر حمید کے استعفے سے متعلق کوئی اپڈیٹ نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید ایک ذہین اور محنتی افسر ہیں جوکہ بہت اچھے طریقے سے کام کر رہے ہیں، عمر حمید کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی اور اس وقت میڈیکل ریسٹ پر ہیں۔ عمر حمید کی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد اپنے فرائض انجام دیں گے۔

ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور الیکشن کمیشن کے کسی کام میں رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے۔ تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں اور سیکریٹری کی غیرموجودگی میں دونوں اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔

دریں اثنا نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی خبر پر در عمل دیتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مکمل طور پر فعال ہے اور کسی قسم کا کوئی بحران نہیں ہے، عوام افواہوں پر دھیان نہ دیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں مرتضیٰ سولنگی نے پیغام دیا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمرحمید علیل ہیں اور وہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اطلاعات کا بیان اور ترجمان الیکشن کمیشن کی وضاحت ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ اتوار کو علی الصباح یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے ’خرابی صحت کی بنا پر‘ عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹھ فروری کو انتخابات منعقد ہوں گے، عام انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں، مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دو روز قبل سینیٹ سے الیکشن کے التوا سے متعلق ایک قرارداد منظور کی گئی تھی جس کے جواب میں گذشتہ روز جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ایوان بالا سے منظور ہونے والی قرارداد کو کالعدم قرار دینے کے لیے سینیٹ سیکرٹریٹ میں ایک اور قرارداد جمع کرائی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں