سردار مہتاب احمد عباسی کی پاکستان مسلم لیگ ن کی رکنیت منسوخ

پاکستان مسلم لیگ [ن] کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلی اور پاکستان مسلم لیگ [ن] کے رہنما سردار مہتاب احمد عباسی کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔

ہفتے کی شام مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے سردار مہتاب کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کی بار بار خلاف ورزیوں کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ [ن] کے صدر نے سردار مہتاب احمد عباسی کو فوری طور پر [ن] لیگ سے نکال دیا ہے اور ان کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

سردار مہتاب عباسی کو مسلم لیگ [ن] نے حالیہ عام انتخابات میں ایبٹ آباد کے حلقے سے پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا اور بعد ازاں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت میں انتخابات سے دستبردار ہو گے تھے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی خان جدون کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

گذشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس میں سردار مہتاب عباسی نے کہا تھا کہ سب مل کر بیٹھیں اور انتقام کی کارروائی بند ہونی چاہیے، میرے نواز شریف کے ساتھ اصولی اختلاف ہیں، مریم نواز سے کوئی اختلاف نہیں لیکن سیاسی جماعتوں میں جمہوریت ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کا ڈھانچہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے، ن لیگ اب صرف پنجاب تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق احسن اقبال کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ شہباز شریف کی ہدایت پر مہتاب عباسی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں