پاکستان کا غزہ میں اقوام متحدہ کے ادارے کی فنڈنگ معطل ہونے پر اظہار تشویش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان نے بعض ممالک کی جانب سے’مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) کی فنڈنگ معطل ہونے پر گہری تشویش‘ ظاہر کی ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان کے ذریعے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ اس معطلی کا وقت انتہائی پریشان کن ہے کیونکہ یہ غزہ میں جاری لڑائی، نقل مکانی اور عوام کے مصائب کے درمیان ہو رہا ہے جو اپنی روز مرہ کی بقا کے لیے اونروا کی اہم امداد پر منحصر ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں بنیادی انسانی امداد کے ادارے کی حیثیت سے اونروا انتہائی شدید جارحیت کے درمیان 20 لاکھ سے زائد افراد کے لیے لائف لائن کے طور پر کام کرتا ہے۔

’عملے کے ایک چھوٹے گروپ کے خلاف الزامات کے جواب میں فنڈنگ معطل کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے۔

’ہم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اونروا کی موجودہ فنڈنگ اگلے ماہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہو گی لہٰذا غزہ کے عوام کی بقا کو برقرار رکھنے کے لیے اونروا کی کارروائیوں کے تسلسل کو ترجیح دینا ضروری ہے۔‘

پاکستان نے فنڈنگ معطل کرنے والے تمام ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں تاکہ اونروا کی رضاکارانہ سرگرمیاں معطل نہ ہوں۔

ادھر سعودی عرب نے بھی پیر کو اونروا کو فنڈنگ کرنے والے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں کام کرنے والے ’انسانی مشنز‘ کی حمایت جاری رکھیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات سے شواہد کے ساتھ حقائق سامنے آئیں گے، خاص طور پر اونروا کے کارکنوں کی قربانیوں کی روشنی میں، جن میں سے بہت سے غزہ اور اس کے گرد ونواح میں امدادی مقامات پر اندھا دھند اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جان سے گئے اور زخمی ہوئے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’سعودی عرب اونروا کے تمام حامیوں پر زور دیتا ہے کہ وہ محصور غزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے انسانی ہمدردی کے مشنز کی حمایت میں اپنا کردار ادا کریں۔‘

اقوام متحدہ کے ادارے کے لیے اپنی فنڈنگ روکنے والے ممالک میں امریکہ، فرانس، برطانیہ، جرمنی اور جاپان سمیت کئی دیگر بڑے ملک شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں