نو مئی مقدمات: ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، محمود الرشید پر فرد جرم عائد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور محمود الرشید پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔

عدالت نے ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کا حکم دے دیا اور آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ اور شاد مان پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔

خیال رہے پچھلے برس نو مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کو کور کمانڈر ہاؤس پر مبینہ حملے کے الزام میں دہشت گردی اور دیگر الزامات کے تحت سرور روڈ پولیس میں درج ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا۔

اس وقت بھی پی ٹی آئی کے کچھ کارکن جلاؤ گھیراؤ کے الزامات میں مقدمات کا سامنا کرنا رہے جبکہ کچھ جیل میں بھی ہیں، اسی طرح ایسے مقدمات میں مطلوب متعدد رہنما اور کارکن مفرور بھی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں