صدر ڈاکٹر عارف علوی سمیت اہم قومی سیاسی رہنماؤں نے ووٹ کاسٹ کر دیئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
6 منٹس read

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جہانگیر ترین، بیرسٹر گوہر علی، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار، حافظ نعیم الرحمن سمیت سیاسی شخصیات نے ووٹ کاسٹ کر دیئے۔

صدر مملکت عارف علوی نے بمعہ اہل و عیال اپنے کراچی میں پولنگ سٹیشن پر پہنچے، قطار میں کھڑے ہوئے اور ووٹ کاسٹ کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تصویر شیئر کرتے ہوئے صدر پاکستان عارف علوی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندے منتخب کرنے کے لئے آپ کے ووٹ کے ذریعے آپ کی رائے مانگی ہے۔

’’یہ آپ کی اسلامی، آئینی اور شہری ذمہ داری ہے۔ صدر عارف علوی نے عوام سے درخواست کی کہ باہر نکلیں اور اپنا ووٹ کا حق استعمال کریں۔ پاکستان کو آپ کی رائے کی اتنی ضرورت ہے جتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔‘‘

کراچی کے حلقے این اے 238 میں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے اپنا ووٹ نیشنل سکولنگ پولنگ اسٹیشن میں کاسٹ کیا۔این اے 232 سے ایم کیو ایم امیدوار آسیہ اسحاق نے بھی قومی اور صوبائی اسمبلی کیلئے اپنا ووٹ آئی ایم اے سکول ماڈل کالونی میں قائم پولنگ سٹیشن میں کاسٹ کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے این 250 علیمیہ اسکول میں ووٹ کاسٹ کیا جبکہ رہنما ایم کیو ایم پاکستان رئوف صدیقی نے این اے 248 پولنگ سٹیشن نمبر 12 میں ووٹ ڈالا۔

سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے بنیادی مرکز صحت 12 ایم پی آر لودھراں میں ووٹ کاسٹ کیا ۔ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی نے گورنمنٹ پرائمری سکول کلپانی ڈگر بونیر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے نوابشاہ میں این اے 207 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ نوابشاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مستقبل روشن ہے، پیپلز پارٹی نے عوام دوست منشور دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے لاہور کے این اے 128 ماڈل ٹائون میں ووٹ کاسٹ کیا، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور این اے 128 سے ن لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار عون چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا ووٹ این اے 127 کے پولنگ سٹیشن نمبر 82 پر اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو سب مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے، نفرتیں دور کریں گے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے تو اس سے پاکستان کا وقار بڑھا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نوڈیرو میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194 میں ووٹ کاسٹ کیا ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جندول کے علاقے ثمر باغ میں ووٹ کیا سٹ کیا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آبائی گائوں عبدالخیل میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے حلقہ این اے 46 کے پولنگ سٹیشن اسلام آباد ماڈل سکول ڈورہ میں صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہونے سے قبل پولنگ سٹیشن پہنچے اور سب سے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ووٹ ایک قومی فریضہ ہے جو ہر ذمہ دار شہری نے ادا کرنا ہے، آزادانہ اور شفاف انتخابات ملک میں جمہوریت کو مضبوط بناتے ہیں ۔چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان نے اہلیہ کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کر دیا، چیف جسٹس اور ان کی اہلیہ نے کوئٹہ کے بوائے سکائوٹس ہیڈکوارٹر میں پولنگ سٹیشن پر ووٹ کاسٹ کیا، اس موقع پر چیف جسٹس پولنگ پر موجود پولنگ سٹاف اور ووٹرز سے گھل مل گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ عوام ووٹ ڈال کر قومی فریضہ انجام دیا۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولنگ سٹیشن واہڑ میں کاسٹ کیا ۔اس موقع پر مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولنگ شروع ہوتے ہی لوگوں کی قطاریں لگ گئی ہیں ، دعا ہے کہ پورے پاکستان میں امن امان سے الیکشن ہو جائیں، گذشتہ روز کے واقعات میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں، لوگ امن امان سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے اچھی کوشش کی ہے، کچھ اعتراضات تھے، لوگوں کو کوئی ابہام نہ ہو، انکے اپنے قانون تھے کہ 1200 سے زیادہ ووٹ ایک پولنگ سٹیشن پر نہ ہو، عوام کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، موبائل فون سروس بھی معطل ہے، تو الیکٹرانک مینجمنٹ سسٹم پر فرق پڑ سکتا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکیورٹی کے زیادہ اچھے انتظامات ہوتے اگر ہر پولنگ پر پاک فوج تعینات کی جاتی تو بہتر ہوتا، تمام سیاسی جماعتوں سے گذارش ہے کہ امن امان سے دن گزاریں، ووٹرز کو حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کے امیدوار کو ووٹ دیں، پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیرعظم محترمہ بے نظیر بھٹوکی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے نوابشاہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ، اس موقع پر آصفہ بھٹو نے کہا کہ آپ نے گھروں سے نکلنا اور ووٹ دینا بہت ضروری ہے، ان شاء اللہ جیت پیپلز پارٹی کی ہونی ہے ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آبائی علاقے مرغز میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے این اے 104 فیصل آباد کے پولنگ سٹیشن نو پر ووٹ کاسٹ کیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما اور آزاد امیدوار عامر ڈوگر نے این اے 149 ملتان میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں