امسال پاکستان سے شرقِ اوسط کو خوراک کی برآمدات 700 ملین ڈالر تک پہنچنے کا امکان

پاکستان کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ٹی ڈی اے پی) کا رواں مالی سال خوراک کی برآمدات 7 ارب ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
5 منٹس read

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے اعلیٰ سفارت کار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران شرقِ اوسط اور خلیجی خطوں میں پاکستان کی غذائی و زرعی مصنوعات کی برآمدات 700 ملین ڈالر تک پہنچ جائیں گی جس کا سہرا سالانہ دبئی فوڈ میں پاکستان کی مستقل موجودگی کے سر ہے جو ملکی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے میں مددگار ہے۔

پانچ روزہ گلف فوڈ نمائش جو دنیا کی سب سے بڑی خوراک اور مشروبات کی سالانہ تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے، اس سال 19 فروری کو شروع ہوئی اور 23 فروری تک جاری رہے گی۔ یہ تقریب خوراک اور مشروبات کی مصنوعات کی نمائش کے لیے عالمی صنعت کے رہنماؤں کو اکٹھا کرتی ہے۔

اس سال نمائش میں 200 ممالک کے 500 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں۔ جاری میلے میں کل 100 پاکستانی نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں جن میں سے 45 کے ساتھ ٹی ڈی اے پی نے تعاون کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے عرب نیوز کو بتایا، "مالی سال 2023-2024 (دسمبر تک) کے دوران اس شعبے (غذائی و زرعی مصنوعات) میں پاکستان کی برآمدات خلیج اور شرقِ اوسط کے خطے میں 700 ملین ڈالر رہیں۔"

گلف فوڈ نمائش میں خوراک اور مشروبات کی صنعت کے مختلف شعبوں کے نمائش کنندگان شامل ہیں بشمول تیارگنندگان، کاشتکار، تقسیم کار اور فراہم کنندگان۔ یہ تقریب دنیا بھر سے ہزاروں زائرین اور نمائش کنندگان کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے جس سے غذائی صنعت کے لیے ایک اہم تقریب بن جاتی ہے۔

ترمذی نے کہا کہ نمائش میں پاکستانی فرمز کی نمایاں موجودگی پاکستان میں بی ٹو بی (کاروبار سے کاروبار) تعاون اور مشترکہ منصوبوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔

انہوں نے کہا، "گلفوڈ میں باقاعدگی سے شرکت کے نتیجے میں مارکیٹ تک بہتر رسائی اور توسیع ہوئی ہے جو متحدہ عرب امارات اور شرقِ اوسط/افریقی منڈیوں کو غذائی و زرعی برآمدات میں تقریباً 40 فیصد اضافے کا سبب بنتی ہے۔"

ترمذی نے کہا پاکستانی نمائش کنندگان نے مختلف ذیلی شعبوں کی نمائندگی کی جن میں ڈیری، گوشت، پولٹری اور مشروبات کے شعبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ تقریبات مثلاً ورکشاپس، شیف ٹاکس اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی پنڈال میں تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے۔

سفیر نے مزید کہا کہ زائرین میں تاجر، سرمایہ کار، سرکاری اہلکار اور ریگولیٹرز شامل ہیں جو تعاون کے بے شمار مواقع کے ساتھ آتے ہیں۔

ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو محمد زبیر موتی والا نے کہا پاکستانی برآمد کنندگان تجارتی اتھارٹی کے تعاون سے کئی سالوں سے گلف فوڈ نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہر سال پاکستانی نمائش کنندگان کی بڑھتی ہوئی تعداد دیکھنا حوصلہ افزا ہے۔

موتی والا نے عرب نیوز کو بتایا، "جاری رجحانات پر غور کرتے ہوئے محفوظ طور پر یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ ہماری غذائی اشیاء کی برآمدات اس مالی سال کے آخر تک 7 بلین ڈالر (عالمی سطح پر) سے تجاوز کر جائیں گی جو اس سیکٹر میں اس سے پہلے کی سالانہ برآمدات میں تقریباً 4 بلین ڈالر کے بالکل برعکس ہے۔"

موتی والا نے کہا ٹی ڈی اے پی نے خاص طور پر غذا اور اس سے منسلک مصنوعات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی ہے جو اس شعبے میں ملک کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کی صورت میں منافع ادا کر رہی ہے۔

موتی والا نے انکشاف کیا، "یہ بتانا انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ اس سال تل کے بیجوں کی برآمدات میں 300 سے 400 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔"

انہوں نے کہا کہ پاکستانی چاول کی برآمدات گذشتہ 1.5 بلین ڈالر کے مقابلے میں 3 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔

موتی والا نے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں اضافہ معاشی خوشحالی کے حصول کا راستہ ہے اور مزید کہا کہ ٹی ڈی اے پی اس مقصد میں خاطر خواہ کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستانی نمائش کنندگان نے نوٹ کیا کہ گلف فوڈ نمائش نے مشترکہ منصوبوں اور مارکیٹنگ ڈیلز کے ذریعے ان کے کاروبار کی رسائی کو نئی منڈیوں تک بڑھانے میں مدد کی۔

ہیمانی گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مصطفیٰ ہیمانی نے کہا کہ ان کی کمپنی نے جاری نمائش کے دوران دنیا بھر سے مختلف کمپنیوں اور خریداروں کے ساتھ متعدد معاہدے کیے ہیں۔

ہیمانی نے عرب نیوز کو بتایا، "ہم نے بیلجیئم اور کوسوو کی کمپنیوں کے ساتھ اپنی مصنوعات کی فروخت اور تشہیر کے معاہدے کیے ہیں اور کچھ پر اگلے دو دنوں میں دستخط کیے جائیں گے۔"

انہوں نے مزید کہا، "میں گلف فوڈ میں کئی سالوں سے نمائش کر رہا ہوں جس سے ہماری مصنوعات کو 84 ممالک میں داخل ہونے میں مدد ملی۔ اس کے نتیجے میں 50 ملین کا کاروبار ہوا جس میں 12 ملین ڈالر صرف خلیجی ریاستوں میں پیدا ہوئے"۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں