بیرسٹر گوہر پاکستان تحریک انصاف کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان پارٹی کے بلامقابلہ چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 فروری اور یکم مارچ کی درمیانی شب اہم پیش رفت ہوئی، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق شیڈول انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے پینلز کا اعلان کردیا گیا ہے بیرسٹر گوہر، عمر ایوب کے مقابلے مخالفین نے کاغذات نامزدگی واپس کر لیے ہیں۔

اسی طرح سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا چیپٹرز کے صوبائی صدور کا بھی اعلان کر لیا گیا ہے، اب صرف بلوچستان میں پارٹی صدر کے لیے انتخاب ہونا باقی ہے۔

پی ٹی آئی بلوچستان کے پینلز میں امین خان جوگیزئی پینل، داؤد شاہ پینل اور منیر احمد بلوچ پینل شامل ہیں، جن کے درمیان مقابلہ 3 مارچ 2024 کو ہوگا۔

پی ٹی آئی پنجاب کی صدر یاسمین راشد، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے تین مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات ہونے والے تھے جس کے لیے متعدد رہنماؤں نے بطور پینل اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

پی ٹی آئی کے وفاقی الیکشن کمشنر رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ’ان رہنماؤں میں سے اکثریت نے انتخابات سے صرف دو دن قبل کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے‘۔

الیکشن کمشنر رؤف حسن کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق چیئرمین، سیکرٹری جنرل، پنجاب، کے پی اور سندھ کے صدور کے عہدوں کے لیے صرف ایک امیدوار تھا۔

ان پانچ عہدوں کے لیے کوئی پولنگ نہیں ہو گی، بلوچستان پینل کے انتخاب کے لیے پولنگ صرف کوئٹہ میں ہو گی، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی الیکشن کمشنر حتمی نتیجے کا اعلان تین مارچ کو کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں