توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو چھ ماہ قید کی سزا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہریار آفریدی کے خلاف ایم پی او آرڈرز جاری کرنے پر توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نےمحفوظ فیصلہ سنا دیا، آئی جی اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر عدالت میں پیش ہوئے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ایم پی او آرڈرز میں اختیارات سے تجاوز پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار پائے ہیں۔

فیصلے میں ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو بھی مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو بھی ایک لاکھ روپے جرمانہ اور چار ماہ قید کی سزا سنائی، عدالت نے ایس ایچ او ناصر منظور کو دو ماہ قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے ایس پی صدر کو توہین عدالت کیس میں بری کر دیا۔

عدالت نے عدالتی فیصلے کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ تیس دن میں اپیل میں سزا معطل نہ ہو تو گرفتار کیا جائے۔

فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں پولیس کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اپنے جائز اختیارات قیام امن عامہ کےلیے استعمال کیے۔

مزید کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنے فرائض منصبی تندہی سے ادا کرتی رہے گی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او عدالت کے حتمی فیصلے تک اپنے عہدوں پر کام کرتے رہیں گے۔


واضح رہے کہ 21 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کی توہینِ عدالت کیس میں غیر مشروط معافی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عرفان نواز کو بیرون ملک جانے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ یکم مارچ کو سنایا جائے گا۔

گذشتہ برس 16 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی مینٹیننس پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت گرفتاری کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران گرفتاری کا آرڈر معطل کرتے ہوئے دونوں کو گھر جانے کی اجازت دے دی تھی جبکہ ایس ایس پی آپریشنز اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بعد ازاں سات ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد (ڈی سی) عرفان نواز میمن اور تین دیگر افسران پر شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت طویل حراست سے متعلق کیس میں توہین عدالت کی فرد جرم عائد کردی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں