سعودی سرمایہ کار گروپ کے پاکستانی فرمز کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کے معاہدے

شراکت کا مقصد سعودی گروپ اوبیکان کے ڈیجیٹل ہیلتھ پلیٹ فارمز کا تیزی سے افتتاح اور ہموار انضمام ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

پاکستانی آئی ٹی فرم انفو ٹیک گروپ نے جمعہ کو کہا کہ اس نے اور امریکہ میں واقع ویلیرین سسٹمز انکارپوریشن نے ہیلتھ کئیر کی عالمی سطح پر فراہمی میں "انقلاب" لانے کے لیے سعودی عرب کے اوبیکان انویسٹمنٹ گروپ کے ساتھ شراکت کا معاہدہ کیا ہے۔

1995 میں قائم کردہ انفو ٹیک گروپ کیپٹل مارکیٹس، بینکاری، گورنمنٹ ٹیکنالوجی، مائیکروسافٹ ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور پیشہ ورانہ خدمات میں مہارت رکھتا ہے اور اس کے پاس تین عشروں سے زیادہ کا آئی ٹی تجربہ ہے۔

اوبیکان انویسٹمنٹ گروپ سعودی عرب کی 100 بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور پیکیجنگ، تعلیم اور صحت میں ایک سرخیل کی حیثیت رکھتا ہے جس کے 3,000 سے زائد ملازمین اور 16 ممالک میں آپریشنز ہیں۔

لیپ 2024 ٹیک کانفرنس اور ریاض میں چار تا سات مارچ تک جاری رہنے والی نمائش کے دوران سہ فریقی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔

انفو ٹیک گروپ نے ایک بیان میں کہا، "[لیپ] ایونٹ کے دوران انفو ٹیک گروپ اور امریکہ میں قائم ویلیرین سسٹمز انکارپوریشن نے اوبیکان سرمایہ کاری گروپ کے ساتھ مفاہمت کی ایک اہم یادداشت پر دستخط کیے جو ہیلتھ پلیٹ فارمز کی عالمی توسیع کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

"سہ فریقی اتحاد صحت کی نگہداشت کی فراہمی میں انقلاب لانے کے لیے انفو ٹیک کی آئی ٹی مہارت، ویلیرین کے اہم ٹیکنالوجی کے حل اور اوبیکان کی مارکیٹ تک رسائی کا فائدہ اٹھاتا ہے۔"

پاکستانی آئی ٹی فرم کے مطابق شراکت کا مقصد اوبیکان ڈیجیٹل (او ڈی) کے صحت کے پلیٹ فارمز کا تیزی سے منظرِ عام پر لانا اور بلاتعطل انضمام ہے جس سے عالمی صحت کی دیکھ بھال کی ترقی کے عزم اور جدت کے نئے دور کا آغاز ہوتا ہے۔

انفو ٹیک گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) نصیر اے اختر نے کہا، "یہ شراکت ہمارے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ ویلیرین سسٹمز انکارپوریشن اور اوبیکان انویسٹمنٹ گروپ کے ساتھ شمولیت نہ صرف ایک تزویراتی اقدام ہے بلکہ صحت کی نگہداشت کے انقلابی حل کے لیے ایک مشترکہ وژن ہے۔"

"مل کر ہم نہ صرف حدود سے باہر نکل رہے ہیں بلکہ ایک صحت مند مستقبل تشکیل دے رہے ہیں۔"

اس سال 1,800 مقامی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان، تقریباً 1,000 تکنیکی ماہرین اور 600 اسٹارٹ اپس نے سالانہ لیپ نمائش میں شرکت کی جو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اقدامات اور اختراعات پیش کرتی ہے۔

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین محمد زوہیب خان کے مطابق اس سال 70 سے زائد پاکستانی سافٹ ویئر اور آئی ٹی کمپنیوں اور 800 مندوبین نے نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کیں۔

ان پاکستانی کمپنیوں نے سعودی عرب اور دیگر ممالک کی معروف فرمز کے ساتھ کئی معاہدات کیے۔

خان نے اس ہفتے کہا، "اس میگا ایونٹ کے دوران پاشا نے اپنے آج تک کے سب سے بڑے مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں جس میں بحرین کی آئی ٹی ایسوسی ایشن کے ساتھ کاروبار سے کاروبار (بزنس ٹو بزنس) کی مشغولیت کو بڑھانا کے لیے تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔"

"پاکستانی ابیکس کنسلٹنگ نے سعودی ڈیجیٹل حل فراہم کرنے والی کمپنی ایلم کے ساتھ باہمی تعاون کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ مزید برآں ان باکس ٹیکنالوجیز نے سعودی عرب کے گسان ساتھ شراکت کا معاہدہ کیا ہے۔"

خان کے مطابق گذشتہ سال لیپ 2023 نے مجموعی طور پر 9 بلین ڈالر کا کاروبار پیدا کیا اور پاکستانی کمپنیوں نے ٹیک نمائش کے موقع پر [بزنس ٹو بزنس] میچ میکنگ کے دوران 100 ملین سے زیادہ کی لیڈز حاصل کیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں