آصف زرداری نے دوسری مرتبہ صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے آصف علی زرداری سے حلف لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

نو منتخب صدر آصف علی زرداری نے اپنی دوسری مدت کے لیے ملک کے چودہویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے حلف لیا۔

تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و آصف زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نو منتخب صدر کی بیٹیاں بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔ مسلح افواج کے تینوں سروسز چیفس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

گذشتہ روز، ملک کے 14 ویں صدر کے انتخاب کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ قومی اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق رہے، صدارتی الیکشن میں سینیٹر شیری رحمان آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ رہیں جبکہ سینیٹر شفیق ترین محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔ نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے انتخاب جیت لیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔

ایوان صدر کی تقریب میں امریکہ برطانیہ فرانس جرمنی سعودی عرب یو اے ای سمیت 70 سے زاہد سفیروں نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر تقریب کے مرکز نگاہ رہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں