وزیر اعظم سے امریکی سفیر کی ملاقات، ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ بھی اٹھایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے جمعہ کے روز وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، دفاع، تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے شعبوں میں موجودہ مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے میکرو اکنامک اصلاحات پر توجہ دے گی۔ اس سلسلے میں، انہوں نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان میں ترجیحی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں غزہ اور بحیرہء احمر کی صورتحال، افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر بات چیت شامل ہیں۔ ملاقات میں وزیراعظم نے امریکی سفیر سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ بھی پر زور طریقے سے اٹھایا۔

وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ایمبیسیڈر بلوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو ایک اہم پارٹنر سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید کرتا ہے۔
*

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں