صدر آصف زرداری سے امارات کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

صدر مملکت آصف علی زرداری سے اسلام آباد میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے شعبوں میں تعلقات مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملاقات کے دوران کہا کہ تجارت، معیشت، ہوا بازی، قابل ِتجدید توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا، ایئربس اے 380 کی کمرشل پروازوں کے آغاز سمیت ہوا بازی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہوابازی کے شعبے میں بڑھتے تعاون سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اماراتی کاروباری ادارے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں، اماراتی کاروبار پاکستانی معیشت میں جدید خیالات اور سرمایہ کاری لاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مینگروز کے جنگلات میں سرمایہ کاری کررہا ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کو کاربن کرڈیٹس کی مارکیٹ سے باہمی طور پر فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان نے آبی ضیاع پر قابو پانے، زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے نہروں کی لائننگ کے منصوبے شروع کیے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کو نئی ٹیکنالوجیز کے اشتراک، زرعی شعبے میں تعاون کرنے کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے غذائی تحفظ کا مسئلہ خطے کیلئے باعث ِتشویش ہے۔

اماراتی سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے کی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اقتصادی سفارت کاری پر توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی بڑی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہیں، متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں ماحولیاتی کانفرنس کی میزبانی کی۔

متحدہ عرب امارات نے “لاس اینڈ ڈیمج” کے فنڈ کے لیے 100 ملین ڈالر کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ سے عدم تحفظ کے شکار ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد ملےگی، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فنڈ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

اماراتی سفیر نے صدر آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر بننے پر مبارکباد دی۔ سفیر نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اماراتی سفیر نے صدر مملکت کو متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی جسے صدر نے قبول کیا۔

صدر نے تہنیتی پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات میرے دل کے بہت قریب ہے۔ صدر مملکت کا دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں