’’امارات کے ساتھ سیاسی خیرسگالی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں‘‘

وزیراعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی سے ملاقات میں گفتگو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیاسی خیر سگالی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی ملاقات کی۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات آنے والے سالوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیراعظم نے تہنیتی پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم اور نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زید آل نہیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک تعلقات کو مزید فروغ دینے کی بھرپور خواہش رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان زبردست سیاسی خیر سگالی کو تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے زراعت، معدنیات اور کان کنی، آئی ٹی، قابل تجدید توانائی اور صنعت سمیت ترجیحی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ایک موثر طریقہ کار کے طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت (کونسل ایس آئی ایف سی )کے کردار پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی گذشتہ سال موسمیاتی تبدیلی پر کوپ۔28 کے اجلاس کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے غزہ میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات تقریباً 1.8 ملین پاکستانیوں کی میزبانی کر رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اپنے ملک کی قیادت کی پاکستان سے وابستگی کی توثیق کی اور کہا کہ متحدہ عرب امارات مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔

سفیر نے شیخ محمد بن زید آل نہیان کی جانب سے وزیر اعظم کو جلد سے جلد یو اے ای کے دورے کی دعوت دی۔ دورہ کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کو بھی جلد سے جلد پاکستان کے دورہ کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کا پرتپاک استقبال کرنے کی منتظر ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں