پاکستان، سعودی عرب کے درمیان 70 میگاواٹ کے ہائیڈرو پاور منصوبوں پر دستخط

سعودی ترقیاتی فنڈ کے وفد نے سی ای او سلطان بن عبدالرحمان المرشد کی قیادت میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی ترقیاتی فنڈ کے ایک وفد کی پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے سعودی وفد کی قیادت سعودی ترقیاتی فنڈ(ایس ایف ڈی) کے سی ای او سلطان بن عبدالرحمان المرشد کر رہے تھے۔

بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کیا اور پاکستان میں صحت، توانائی، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں سعودی عرب کی جانب سے مالی امداد کو سراہا۔‘

سعودی وفد کے سربراہ سلطان بن عبدالرحمان المرشد نے پرجوش استقبال، میزبانی اور پاکستان کا قومی اعزاز ہلالِ قائداعظم دینے پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے درمیان ہونے والے 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے مالی معاہدوں پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

 سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) کے وفد نے وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات بھی کی: فائل فوٹو
سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) کے وفد نے وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات بھی کی: فائل فوٹو

دریں اثنا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 70 میگاواٹ کے ہائیڈرو پاور منصوبوں پر دستخط ہو گئے۔

وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) کے وفد نے وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات کی۔

سعودی وفد کی قیادت سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد نے کی، جس کے بعد 48 میگاواٹ کے شونٹر ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر دستخط کیے گئے۔ منصوبے پر چھ کروڑ 30 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔

اس کے علاوہ 22 میگاواٹ کے جاگراں فور ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر بھی دستخط کیے گئے، جس پر چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔

سیکریٹری اقتصادی امور اور چیف ایگزیکٹو افسر ایس ایف ڈی نے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کیے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں