سابق سینیٹر طلحہٰ محمود فضل الرحمان کی جماعت چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شامل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سابق وفاقی وزیربرائے مذہبی امور اور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کو خیرباد کہتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نیئر بخاری، فیصل کریم کنڈی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل صدر آصف علی زرداری سے طویل ملاقات ہوئی، آصف زرداری نے انہیں پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت کی دعوت دی جو انہوں نے غور وفکر کے بعد قبول کی ہے۔

طلحہ محمود نے کہا کہ ملک اس وقت بحران سے گزر رہا ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ نو سال تک وزارت داخلہ کی کابینہ کمیٹی کے چیئرمین رہے،2022 میں وفاقی وزیر مملکت برائے فرنٹیئر ریجن بنایا گیا تو میں کمیٹی کی چیئرمین شپ سے علاحدہ ہوگیا، کیوں کہ میں دو عہدے نہیں رکھ سکتا تھا۔

’مفتی عبدالشکور کی وفات کے بعد مجھے وزارت مذہبی امور دی گئی، اس وقت حج آپریشن کے لیے دو مہینے رہتے تھے، میڈیا کے دوست گواہ ہیں کہ میں نے دونوں وزارتوں پر کس طرح دن رات کام کیا، میں نے اپنی زندگی صاف ستھری گزارنے کی کوشش کی ہے، 18 سال سے میں نے حکومت سے تنخواہ سمیت کسی قسم کی مراعات نہیں لی۔‘

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ انہوں نے پاکستان قوم کی بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ ’اس وقت سخت ضرورت ہے کہ میں قومی سطح پر پاکستان کے لیے کچھ کروں۔‘

انہوں نے کہا ’اس وقت قومی سطح پر پیپلزپارٹی سے بہتر کوئی جماعت نہیں ہے، اس لیے میں اس پارٹی میں شامل ہوا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ اس نے کوشش کی ہے مشکل وقت میں پاکستان کے حالات بہتر کرنے میں حصہ ڈالے۔‘

سینیٹر طلحہ محمود کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سیکیریٹری جنرل نیئربخاری نے کہا ’طلحہ محمود کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے پیپلز پارٹی کو اس قابل سمجھا کہ پیپلزپارٹی میں بصیرت ہے جس سے وہ ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے۔‘

رہنما پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارٹی سینیٹر طلحہ محمود کی سیاسی بصیرت سے فائدہ اٹھائے گی، ان کے پارٹی میں آںے سے خیبرپختونخوا سے اور بھی دوست ہمارے ساتھ شامل ہوں گے اور پیپلزپارٹی کو خیبرپختونخوا میں مضبوط کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں