پاکستان ہر فورم پر فلسطینیوں کے لئے آواز بلند کرے گا: صدر پاکستان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر فورم پر ان کے لئے آواز بلند کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ سفیر نے صدر آصف علی زرداری کو صدر مملکت کاعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے غزہ کی پٹی میں بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم اور دہشت گردی پر روشنی ڈالی۔ فلسطینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے فلسطینی عوام کی بہادری اور اسرائیلی قبضے کے خلاف طویل جدوجہد کو سراہا۔

صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تمام رکاوٹوں کو ہٹا کر اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل کے لیے کوششیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے خوراک اور ادویات سمیت اضافی امدادی سامان بھیجے گا۔

فلسطینی سفیر نے تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی حمایت کو سراہا، 50 ہزار سے زائد فلسطینی پاکستان کے تعلیمی اداروں سے مختلف شعبوں میں گریجویشن کر چکے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کا سلام بھی پیش کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ مسلسل حمایت اور یکجہتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں