میرپور میں پرتشدد اسرائیل مخالف احتجاج کے دوران کے متعدد افراد گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع میرپور میں پولیس اور ضلعی حکام کے مطابق مشتعل مظاہرین نے اسرائیل کی حمایت کے الزام میں جمعے کی شب کوٹلی روڈ پر واقع مشہور عالمی فاسٹ فوڈ چین کے ایف سی کی برانچ پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور بعدازاں برانچ کو آگ لگا دی، جس سے عمارت کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی مختلف ویڈیوز میں مظاہرین کو اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں نعرے بازی کرتے دیکھا گیا۔

اس واقعے کے بعد مقامی پولیس اور انتظامیہ نے حملہ کرنے والے مظاہرین کےخلاف آپریشن کیا، جس کے دوران حکام کے مطابق 400 سے زائد افراد اور پولیس کے درمیان چھڑپیں ہوئیں جو چار گھنٹے تک جاری رہیں۔

کمشنر میرپور چوہدری شوکت کے مطابق پولیس نے برانچ پر حملہ کرنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جس کے بعد ابتدائی طور پر 20 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ چھڑپوں کے دوران اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) میرپور کے علاوہ ایک اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) اور پولیس کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

آزاد کشمیر پولیس کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں کے ایف سی پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے کیے گئے آپریشن کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 53 ہوچکی ہے جبکہ مزید افراد کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔

سات اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں کئی برانڈز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا، جن میں فوڈ چین کے ایف سی اور میکڈونلڈ بھی شامل ہیں۔

یاد رہے رواں 14 مارچ کو بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں میئر کی سربراہی میں کے ایف سی کی فرنچائز کو اسرائیل کی حمایت کے الزام میں زبردستی بند کر دیا گیا تھا۔

مردان کی ضلعی کونسل کے ایک اجلاس میں میئر حمایت اللہ مایار نے کے ایف سی مردان کو بند کرنے کے لیے قرار داد پیش کی تھی، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، جس کے بعد مظاہرین افطار کے بعد کے ایف سی کی مقامی فرنچائز پر پہنچے اور اس کے دروازے کو زنجیریں ڈال کر بند کر دیا۔

کے ایف سی کی بنیاد امریکہ کے کرنل ہارلینڈ سینڈرز نے رکھی تھی، جن کی یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے مطابق امریکہ میں پانچ ہزار سے زائد جبکہ پوری دنیا کے 145 ممالک میں 25 ہزار سے زائد شاخیں ہیں۔

پاکستان میں کے ایف سی نے 1997 میں قدم رکھا اور آج ملک کے 37 شہروں میں اس کی 128 شاخیں موجود ہیں۔

حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 32 ہزار سے زائد فلسطینی شہریوں کی جان جا چکی ہے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ لاکھوں افراد بے گھر ہو کر کیمپوں میں مقیم ہیں اور امداد تک رسائی نہ ہونے کے سبب قحط کے دہانے پر ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں