پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، عید الفطر بدھ کے روز منائی جائے گی

بھارت، بنگلا دیش میں چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر جمعرات کو منانے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے ماہ شوال 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت پاکستان میں 10 اپریل کو عید الفطر منائی جائے گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وفاقی دارالحکومت میں وزارت مذہبی امور کے مرکزی دفتر کوہسار بلاک ہوا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں رویت ہلال کی مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے ارکان کے علاوہ محکمہ موسمیات، سپارکو اور آئی ٹی ماہرین نے بھی شرکت کی۔

دورانِ اجلاس ملک کے مختلف شہروں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ کراچی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرائے عالمگیر اور دیگر شہروں سے شہادتیں موصول ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی جانب سے چاند نظر آنے کی تصویریں اور وڈیوز بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو موصول ہوئیں۔

بعد ازاں چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کل یکم شوال المکر ہوگی اور عید الفطر منائی جائے گی۔

پاکستان کے پڑوسی ممالک بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، ملک بھر میں عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات منائی جائے گی۔ دوسری جانب متنازع علاقے کارگل کی مقامی کمیٹی نے اعلان کیا کہ چاند نظر آ گیا ہے اور 10 اپریل کو عید منائی جائے گی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں بھی عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر ، افغانستان، آسٹریلیا اور لندن میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔ گذشتہ روز ہی متحدہ عرب امارات میں بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا تھا تاہم پورے ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

ادھر افغانستان میں بھی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا تاہم کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی جس کے بعد بدھ کو عید کا اعلان کر دیا گیا تھا۔

آسٹریلیا فتوی کونسل نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے پر آج تیسویں روزے کا اعلان کیا تھا، اس کے علاوہ لندن میں بھی بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں