’’پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کا خواہش مند ہے ‘‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے وزیر اعظم شہباز شریف کے بعد پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بھی ملاقات کی ہے۔

سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر ایوان صدر کے ہینڈلر پر جاری تفصیلات کے مطابق منگل کو پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان وفد کے ہمراہ ایوانِ صدر پہنچے۔

سعودی وزیر خارجہ اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد پر مبنی مضبوط شراکت داری قائم کرنے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ اختیاراتی وزارتی وفد بھی موجود تھا جس میں وزیر پانی و زراعت، وزیر صنعت و معدنی وسائل، معاون وزیر سرمایہ کاری، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ اور وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر خارجہ، اسحاق ڈار، وزیر برائے نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ، عبدالعلیم خان، وزیر پیٹرولیم اور آبی وسائل، مصدق مسعود ملک، وزیر صنعت و پیداوار، رانا تنویر حسین اور سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں اور پاکستان موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی حکومت اور عوام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا انتہائی احترام کرتے ہیں اور ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔‘

 فوٹو کریڈٹ: ‏@H_alsufayan

آصف علی زرداری نے کہا کہ ’اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔ سعودی ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر اعظم محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت اور ویژن 2030 کے تحت ہونے والی پیش رفت قابل ذکر ہے۔‘

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں نے دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ ‘ سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے صدر مملکت کو ان کے انتخاب پر مبارکباد بھی پیش کی۔

دونوں فریقوں نے علاقائی صورت حال بالخصوص مشرق وسطیٰ پر تبادلہ خیال کیا اور فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر زور دیا۔ ملاقات میں دو طرفہ اہمیت کے امور اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں