آئی ایم ایف قسط کے اجرا پر وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار اطمینان

’’قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہو گی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے‘‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ’آئی ایم ایف‘ کی آخری مالیاتی قسط کےجاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔

منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےآئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے جاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔ 2016 میں میرے قائد نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، یہ ایس بی اے دوسرا پروگرام ہے جو مکمل ہو رہا ہے۔ 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا۔ پاکستان کے معاشی تحفظ کے لئے تلخ اور مشکل فیصلے کئے لیکن ان کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت سامنے آ رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے، پوری جان لڑائیں گے، پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے۔ قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہو گی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسی جذبے سے درست سمت میں تسلسل سے محنت جاری رہی تو قرض سے نجات اور معاشی خوش حالی کا دور بھی جلد آئے گا۔

وزیر اعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں