پاک سعودی عرب تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہتیں مضبوط ہو رہی ہیں: شہباز شریف

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے؛ وزیراعظم شہباز شریف کا مملکت کے دورے کے اختتام پر بیان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک سعودی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گیا۔ چند روز میں سعودی وفد پاکستان آئے گا، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔

منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے بعد سعودی عرب کے دورے کے اختتام پر اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ چند روز میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان تشریف لا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہو گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لیے پوری محنت سے کام کریں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی ترین سطح پر ریکارڑ وفود کا تبادلہ ہوا ہے۔ سعودی عرب میں تین روزہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، اس دوران نہایت مفید بات چیت ہوئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں ہوئیں، کثیر الجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم پر واشگاف انداز میں بیان کیا ہے کہ دنیا کو پرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہو گا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزرا کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں، اس کے لیے بھی ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ سعودی عرب کے وزرا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے قیادت کے درمیان مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے بھرپور تیاری کی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں