مخلتف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی کاروباری وفد کی آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں،پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے، امید ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنےوالےسعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی ۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا جام کمال خان، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، ایس آئی ایف سی کے قومی کوارڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو وزیرِ اعظم کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے کاروباری وفد کی اسلام آباد آمد اور متوقع شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس کے شرکا کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کیا۔اجلاس کو سعودی عرب کی جانب سے کاروباری شخصیات کے اعلی سطحی وفد کے آئندہ چند روز میں دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات پر مجھ سمیت پوری قوم سعودی قیادت کی شکر گزار ہے۔

دورہ سعودی عرب کی بہترین تیاری کیلئے تمام متعلقہ وزرا اور افسران کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی، جو خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہوں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں۔ پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ سعودی فرامانروا عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اسکی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں