وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان بجلی کے معاملات پر معاہدہ طے پا گیا: وزیر توانائی

لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا ایسا راستہ نکالا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا، وزیر اعلی خیبر پختونخوا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور صوبہ خیبر پختونخوا کے درمیان بجلی کے خالص منافع کی ادائیگی، شمال مغربی صوبے میں لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے بلوں کی ادائیگیوں سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ہے۔

سوموار کے روز اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی معیت میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ آج ملک کے لئے بہت خوش آئند دن ہے، سیاست دانوں پر تنقید کرنے والے آج شرمندہ ضرور ہوں گے، وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکر گزار ہوں، ہم نے مشکلات کا حل نکالا ہے، آج ہم نے بیٹھ کر ایک ماڈل بنایا ہے، دوسرے صوبوں سے بھی شیئر کریں گے۔

اویس لغاری نے مزید کہا کہ کل تک معاملے پر حکمت عملی بنالی جائے گی، آج تحریک انصاف نے بہت بڑا سٹیپ اٹھایا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے شکر گزار ہیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وفاق اور صوبے ملکر کام کریں گے، ملکر ہم نے معاملات طے کئے ہیں، ہم نے ایسا راستہ نکالا ہے عوام کو ریلیف ملے گا اور نقصانات میں بھی کمی آئے گی، ہم نے باہمی مشاورت سے معاملات طے کئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اویس لغاری سے وزیر توانائی کی حیثیت سے بات ہوئی ہے، بات چیت کا ہماری پارٹی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا اداروں کو مضبوط ہونا چاہئے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری کسی ادارے سے جنگ ہے نہ سسٹم سے جنگ ہے، سیاسی تحریک اور انتظامیہ کے معاملات کو مکس نہ کیا جائے، لوڈشیڈنگ میں خیبرپختونخوا کو ریلیف ملنا چاہئے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے جو لائحہ عمل بنایا ہے اس میں صوبے کے عوام کا تعاون چاہئے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہمارا صوبہ پورے ملک کو بجلی پیدا کرکے دے رہا ہے، لائن لاسز کنٹرول کرنے، وجوہات پر ملکر کام کریں گے، الیکشن سے متعلق ہمارے کیسزعدالتوں میں چل رہے ہیں، گورنرخیبرپختونخوا سے میرا کوئی اختلاف نہیں، لوڈشیڈنگ عوام کا بڑا مسئلہ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی، خیبرپختونخوا میں ایک بڑا بحران تھا جو حل ہوا اسے سراہنا چاہئے، مولانا فضل الرحمان سے میرا 25 سال پرانا تعلق ہے، مولانا فضل الرحمان سے میرا تعلق رہے گا، مولانا فضل الرحمان کو حکومت سے کوئی ایشو ہوگا مجھ سے نہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں