یوم تکبیر: وزیر اعظم کا کل 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان

26 برس قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس دن کو پاکستانی قوم ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد کرتی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وزیراعظم شہباز شریف نے کل 28 مئی یوم تکبیر کے دن ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔ اس امر کا اعلان کیبنٹ ڈویژن حکومت پاکستان کے سوموار کے روز جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ یوم تکبیر ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، اس دن پوری قوم نے فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کوئی بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لیے سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، یہ دن انتشار کی سیاست سے ملک کو خطرے سے دوچار کرنے والے اندرونی دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 28 مئی یوم تکبیر، اس وقت کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے دیا تھا۔

26 برس قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اس دن کو پاکستانی قوم ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔

دھماکوں کے بعد 1999 میں بھارت کے ساتھ پاکستان کی کارگل جنگ جاری تھی، جس کی وجہ سے یوم تکبیر بہت زیادہ جوش و خروش سے منایا گیا، مگر اکتوبر 1999 میں نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا اور ملک میں جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت آگئی تھی، جس کے بعد یوم تکبیر اس جوش و جذبے سے نہیں منایا جا سکا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں