پاکستانی عازمین حج کی معاونت اور خدمت کے لیے 476 معاونین سعودی عرب پہنچ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان کے عازمین حج کی خدمت اور معاونت کے لیے پاکستانی حج مشن نے 476 معاونین سعودی عرب بھیج دیے ہیں۔ جو مکہ و مدینہ میں پاکستانی عازمین حج کی مدد کے لیے دستیاب رہیں گے۔

پاکستانی عازمین حج کے لیے ہر سال سعودی عرب میں یہ معاونین ڈاکٹروں اور طبی عملہ کے علاوہ رہائشی انتظامات ، کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ کے معاملات میں پاکستانیوں کو مدد دینے کے لیے ہر سال حکومت کی طرف سے بھیجے جاتے ہیں

رواں سال متعلقہ حکام نے 550 افراد کو بطور رضاکار معاونین منتخب کیا۔ اس انتخابی مرحلے میں پاس ہونے کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس 'این ٹی ایس' کا امتحان پاس کرنا لازمی تھا۔ بعد ازاں انہیں فزیکل اور میڈیکل ٹیسٹ سے بھی گزرنا پڑا۔ یوں اب تک ان میں سے 476 رضاکاروں کو سعودی عرب بھیجا جا چکا ہے۔

پاکستان کے حج سے متعلق امور کے ڈائریکٹر جنرل عبد الوھاب سومرو نے اس سلسلے میں بتایا ہے کہ معاونین کے انتخاب کا سارا پراسس تھرڈ پارٹی سسٹم کے تحت 'این ٹی ایس' کی مدد سے مکمل کیا گیا ہے۔ اب تک بھیجے گئے افراد میں 457 رضاکار مکہ معظمہ میں اور 19 مدینہ منورہ میں تعینات کیے گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ' 297 معاونین کو رہائشی امور میں فرائض ادا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ جو عازمین حج کو ان کی رہائش گاہ تک پہنچانے اور رہائش گاہوں کے اندر سہولیات کے حوالے سے دستیاب رہیں گے۔ جبکہ 111 معاونین ٹرانسپورٹیشن کے سلسلے میں پاکستانی عازمین حج کی مدد کے لیے موجود رہیں گے اور 45 خوراک رسانی کی ذمہ داری پر مامور کیے گئے ہیں۔

ان میں سے کچھ معاونین کو پاکستانی حج مشن میں انتظامی امور میں مدد دینے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔7 ذمہ داری کنٹرول میں لگائے گئے ہیں۔ 4 کو انسپکشن سیل میں ذمہ داری دی گئی ہے۔ 2 ڈیپارچر سیل سے متعلق ہیں۔ جبکہ ایک کارکن کی ذمہ داری گمشدگی سے متعلق امور کو دیکھنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے بتایا ہے '9 مئی سے اب 41 ہزار سے زیادہ پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ عازمین حج کو لے جانے والی پاکستانی پروازیں 9 جون تک جاری رہیں گی اور مجموعی طور پر 179210 پاکستانی عازمین حج سعودی عرب میں رواں سال فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔

واضح رہے رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی 14 سے 19 جون کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم رکھنے کے لیے سعودی وزارت حج کے ساتھ حکام مسلسل رابطے میں ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں