ورلڈ بنک : پاکستان کے 'داسو ہائیڈرو پراجیکٹ' کے لیے ایک ارب ڈالر قرضہ منظور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

ورلڈ بنک نے منگل کے روز پاکستان کے پانی سے بجلی پیدا کرنے کے ایک بڑے منصوبے 'داسو ہائیڈرو پراجیکٹ' کے لیے قرضہ جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ آبی توانائی کا منصوبہ چین کی مدد سے پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں زیر تکمیل ہے۔

ورلڈ بنک کے اعلان کے مطابق اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک ارب ڈالر قرضہ منظور کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں پاکستان میں آبی توانائی کی ترسیل میں توسیع ممکن ہوگی اور مقامی لوگوں تک بجلی پہنچ سکے گی۔

پاکستان کے لیے ورلڈ بنک کے ڈائریکٹر ناجی بن حسین نے کہا 'پاکستان کے توانائی کے شعبے کو سستی، قابل بھروسہ اور پائیدار توانائی کے حصول میں مختلف النوع مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں ایک ' گیم چینجر ' منصوبہ ثابت ہو گا۔'

ماحولیاتی تقاضوں کے مطابق گرین انرجی کی طرف جانے میں مدد دے گا۔ اس سے بجلی کی قیمت میں کمی آئے گی۔ اس سے 4320 میگا واٹ سے 5400 میگا واٹ بجلی حاصل کی جا سکے گی۔

ہزاروں چینی اس منصوبے پر کام کر رہے ہیں اور یہ چائنہ پاک اکنامک کاریڈور کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ ورلڈ بنک کی طرف سے اس توانائی منصوبے کے لیے خطیر رقم قرضے کی صورت منظور کیے جانے سے واپڈا کی مستحکم مالی پوزیشن اور تکنیکی مہارت پر اعتماد کا اظہار بھی ہوتا ہے۔

واضح رہے ورلڈ بنک اس سے پہلے بھی 'داسو ہائیڈرو پراجیکٹ' کے لیے واپڈا کو 588 ملین ڈالر قرضے کے طور پر اور 460 ملین ڈالر کی رقم کریڈٹ گارنٹی کے طور پر فراہم کر رہا ہے۔ واپڈا اس وقت پانی اور پن بجلی کے شعبے میں 8 بڑے منصوبوں کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے۔ ان منصوبوں کی مجموعی تعمیراتی لاگت تقریباً 26 ارب ڈالر ہے۔ ان میں سے داسو ڈیم 2026 کو بجلی پید اکرنے کے مرحلے تک پہنچ جائے گا۔ جبکہ باقی تمام منصوبے بھی اگلے پانچ برسوں کے دوران بتدریج مکمل ہوجائیں گے۔

4320 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والا داسو پراجیکٹ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں داسو نامی قصبے کے بالائی جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں