.

عالمی امن کے لئے سب سے خطرناک ملک امریکا!

منو بھائی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیا کے 68 ملکوں کے 66 ہزار سرکردہ لوگوں کی رائے عامہ پر مبنی ایک عالمی سروے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی امن کو سب سے زیادہ خطرہ امریکا کی طرف سے ہے۔ دنیا کی اکلوتی سپر پاور پر اس بہتان اور توہین پر کوئی تبصرہ کرنے سے پہلے یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ ہمارے بے مثال مزاح نگار جناب مشتاق یوسفی جھوٹ کی تین قسمیں یا درجے بیان کرتے ہیں۔ جھوٹ، سفید جھوٹ اور سرکاری اعداد و شمار۔ کرکٹ پر رواں تبصروں کی شہرت رکھنے والے پی آئی اے کےشعبہ تعلقات عامہ کے مرحوم آفیسر جناب عمر قریشی کے خیال میں جھوٹ کے ان درجوں میں عالمی سروے رپورٹوں کو بھی ممتاز مقام ملنا چاہئے۔ ان کا یہ تجربہ تھا کہ ایسی بیشتر رپورٹوں کے پیچھے سیاسی یا کمرشل مفادات کام کر رہے ہوتے ہیں۔

ان کے بیان کردہ تجربے کے مطابق عالمی شہرت کے سروے کرنے والے ایک ادارے کے نمائندے نے ان سے ایک ملاقات میں یہ تجویز رکھی تھی کہ اگر دو لاکھ ڈالرز ادا کئے جائیں تو ایک سروے رپورٹ پی آئی اے کو دنیا کی دس بہترین فضائی سفر کی کمپنیوں میں شامل کر سکتی ہے۔ عمر قریشی نے دو لاکھ ڈالروں تک اپنی رسائی کو ممکن قرار نہیں دیا تھا چنانچہ پی آئی اے مذکورہ بالا مقام حاصل کرنے سے قاصر رہی۔

بہت ہی چھوٹی سطح پر ایسی ایک واردات میرے ساتھ بھی ہوچکی ہے۔ ایک نام نہاد سروے ادارے کے ایک پاکستانی ادارے کے ایک نمائندے نے میرے سامنے بھی یہ پیشکش فرمائی کہ اگر میں چاہوں تو مجھے پاکستان کے دس سرکردہ کالم نگاروں میں شمار کیا جا سکے گا میں اگر چاہتا تو یہ مقام صرف دس ہزار روپے میں حاصل کرسکتا تھا مگر افسوس کہ ؎

آج ہی گھر میں بوریہ نہ ہوا

جس عالمی سروے کی رپورٹ میں امریکا کو عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے وہWin Gallup International کے زیر اہتمام بتایا گیا ہے۔ سروے کے دوران 24 فیصد لوگوں نے امریکا کو عالمی امن کے لئے سب سے زیادہ خطرہ ظاہر کیا ہے۔ آٹھ فیصد لوگوں نے عالمی امن کے لئے سب سے زیادہ خطرناک ملک ہونے کا اعزاز پاکستان کو دیا ہے۔ پاکستان کے بعد عوامی جمہوریہ چین کا نام آتا ہے جس کو چھ فیصد لوگ عالمی امن کے لئے خطرہ قرار دیتے ہیں۔ امریکا، پاکستان اور چین کے بعد افغانستان، ایران، اسرائیل اور نارتھ کوریا کا نمبر آتا ہے جن کو سروے کی زد میں آنے والے 66000 لوگوں میں سے پانچ فیصد لوگوں نے عالمی امن کے لئے خطرناک قرار دیا ہے۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے عالمی امن کے لئے سب سے زیادہ خطرناک ملک ہونے کا الزام ایران کودیا ہے جس کے بعد افغانستان کا نمبر آتا ہے مگر 13 فیصد امریکی باشندے اپنے ملک کو بھی عالمی امن کے لئے خطرہ تصور کرتے ہیں لیکن ان کا تناسب عالمی رائے عامہ سے گیارہ نمبروں کی دوری پر ہے اور امریکا اس سروے میں ایران اور افغانستان کے بعد آتا ہے مگر اس چوتھے نمبر میں امریکا کے ساتھ نارتھ کوریا بھی شامل ہے۔

بشکریہ روزنامہ "جنگ"

اعلان لا تعلقی: العربیہ اردو کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔.