ہیجان خیز فضا

نصرت جاوید
نصرت جاوید
پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
6 منٹس read

اسلام آباد میں ایک نہیں دو انقلابی جماعتوں نے ہمیں اتنا مصروف رکھا کہ اور کسی معاملے پر نظر ہی نہیں پڑی۔ مسلسل ہیجان برپا رکھنے والی اس فضاء میں میڈیا کا کاروبار بھی چمک اُٹھا۔ 24/7 چینل والوں کو Entertainment Slots سوچنے اور انھیں تیار کرنے کی ضرورت ہی نہیں رہی۔ شام ڈھل جائے تو Live کیمروں کو ایک سے دوسرے دھرنے تک کٹ کرتے ہے۔ وہاں جوشیلی تقریروں کے ساتھ ہی ساتھ رقص و موسیقی کے تڑکے بھی لگائے جا رہے تھے۔ ان کی وجہ سے اسکرین بڑی پُررونق بن جاتی۔

تماش بینی کی قومی علت سے حظ اٹھاتے ہوئے مگر ہم بھول گئے ہیں کہ پاکستان دُنیا سے کٹے ہوئے کسی جزیرے کا نام نہیں۔ 20 کروڑ کا یہ ملک افغانستان و ایران کا ہمسایہ ہے۔ ان ہمسایوں سے کہیں بڑھ کر دفاعی اور قومی سلامتی امور کے حوالے سے ایک ملک بھارت بھی ہے۔ اس ملک کے ساتھ ہماری 1948ء اور کارگل جیسی جھڑپوں کے علاوہ 65ء اور 71ء والی جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔ اس صدی کے آغاز میں پورا ایک سال دونوں ممالک کی فوجیں سرحد کے اوپر حالتِ جنگ جیسی صورت میں موجود رہیں۔ برطانیہ اور امریکا کو بڑی کاوشوں کے بعد حالات کو پرامن بنانا پڑا۔

اس حوالے سے آپ کو یہ بھی یاد دلاتا چلوں اسرائیل نے بھی بڑا اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس ملک کے ہزاروں نوجوان بھارت میں چھٹیاں منانے آتے ہیں۔ جب بھارت اپنی افواج کو حالتِ امن کی پوزیشن میں لے جانے کو بالکل تیار نہیں ہو رہا تھا تو اچانک اسرائیل نے اپنے طیارے دہلی، بمبئی اور گوا وغیرہ پہنچادیے اور اپنے شہریوں کو اطلاع دی کہ وہ فوراً بھارت سے اپنے ملک واپس لوٹ جائیں کیونکہ پاکستان اور بھارت میں ’’ایٹمی‘‘ جی ہاں ’’ایٹمی‘‘ جنگ شروع ہونے والی ہے۔

اسرائیل کے اس اقدام نے سیاحت سے وابستہ تمام بھارتی دکانداروں کو بہت پریشان کر دیا اور اٹل بہاری واجپائی کی BJP بنیادی طورپر دکانداروں کی جماعت تھی۔ ان کی تشویش دور کرنے کے لیے واجپائی نے اپنی فوجوں کو حالتِ امن والی پوزیشن میں واپس بلا لیا۔ دونوں ممالک کی معیشت کو کئی مہینوں تک اپنی افواج کو سرحدوں پر تعین رکھنے سے مگر شدید دھچکے لگ چکے تھے۔
بھارت میں ایک بار پھر BJP کی حکومت ہے۔ نریندرمودی مگر دکانداروں کا نہیں Multi Nationals اور اجارہ دار صنعتی خاندانوں کا نمایندہ ہے۔ وہ بنیادی طور پر ہندو انتہاء پسند بھی ہے۔ اس کی Core Constituencyاس بات پر بہت مایوس ہوئی کہ سارک سربراہوں کو اپنی حلف برداری کی تقریب میں بلانے کے نام پر اس نے پاکستان کے وزیر اعظم کے ساتھ ’’جپھیاں‘‘ ڈالنے کی کوشش کی۔ اپنے چاہنے والوں کی تشویش کو دور کرنے کے لیے ایسی کوئی چال چلنے کی شدید ضرورت تھی اور بالآخر اسے یہ موقع ملک گیا۔

کئی مہینوں سے رکے ہوئے پاک۔بھارت مذاکرات کا 25 اگست سے باقاعدہ آغاز ہونا تھا۔ جب بھارتی وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری کو اسلام آباد آ کر اپنے ہم منصب سے بات چیت کرنا تھی۔ دو دہائی سے زیادہ عرصے سے پاکستان ایسے مذاکرات شروع کرنے سے پہلے ہمیشہ باقاعدہ طور پر کشمیری قیادت سے رابطے کرتا ہے۔ مقصد اس کا یہ پیغام دینا ہوتا ہے کہ بھارت کے ساتھ امن کی تلاش میں انھیں بھلایا نہ جائے گا۔

اسی روایت کو ذہن میں رکھتے ہوئے نئی دہلی میں پاکستان کے سفیر نے کشمیری قیادت سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا اور مودی حکومت نے یہ اعلان کر کے 25 اگست کو اپنے سیکریٹری خارجہ کو اسلام آباد بھیجنے سے انکار کر دیا کہ پاکستان یا تو بھارت سے مذاکرات کرے یا بقول اس کے ’’کشمیری علیحدگی پسندوں‘‘ سے۔

ایمان داری کی بات ہے کہ بھارتی خارجہ پالیسی کے بارے میں ماہر مانے جانے والی صحافیوں اور مبصرین کی اکثریت نے مودی کے اسی فیصلے کو پسند نہیں کیا۔ ان کا خیال ہے کہ مودی نے درحقیقت ایک پرانی روایت یعنی پاکستانی سفیر کا کشمیری قیادت سے ملاقاتیں کرنا کے بارے میں Over React کیا ہے۔ کئی مبصرین نے اسے اپنے ہی خلاف گول کر دینا بھی ٹھہرایا۔ مودی مگر ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔

بھارتی وزیر اعظم نے جو قدم اٹھایا اسے ہماری وزارتِ خارجہ نے صحیح طور پر خواہ مخواہ کی عذر تراشی ٹھہرایا ہے۔ مگر نواز شریف کے قومی سلامتی اور خارجہ امور پر نظر رکھنے والے مشیروں نے اس اعلان کو ایک اور انداز میں دیکھا۔ ان کی اکثریت کا خیال ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے 25 اگست والی ملاقات کے خلاف فیصلہ دراصل بے ثباتی والے اس ماحول کی وجہ سے کیا ہے جو دو انقلابی جماعتوں نے اسلام آباد میں دھرنوں کے ذریعے بنا رکھا تھا۔ بھارت سے آئے اس ’’پیغام‘‘ کے بعد جلتی پر تیل کا کام یورپی سفیروں کی تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی سے منگل کی صبح ملاقات نے کیا۔

اس ملاقات میں تحریک انصاف کے رہ نما سے ان سفیروں نے وعدہ یہ لیا کہ ریڈ زون میں داخل ہوجانے کے بعد آزادی مارچ کے ’’جنونی‘‘ سفارت خانوں کا رُخ نہیں کریں گے۔ خارجہ امور کی باریکیوں کو سمجھنے والے جانتے ہیں کہ اس قسم کی ملاقاتوں سے سفارت کار پیغام یہ بھی دیتے ہیں کہ انھیں حکومت کی طرف سے ان کی سیکیورٹی کے بارے میں دلائی گئی تسلیوں پر اعتبار نہیں رہا۔ اسی لیے طویل غور و خوض اور صلاح مشورے کے بعد اسی دن کی سہ پہر چوہدری نثار نے پریس کانفرنس کی جس کے دوران اعلان کیے گئے فیصلوں کا نتیجہ آپ میرا یہ کالم چھپنے تک اپنی آنکھوں سے دیکھ چکے ہوں گے۔

بہ شکریہ روزنامہ ’’ایکسپریس‘‘

نوٹ: : العربیہ اردو کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔.
مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size