Indian PM With Putin
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی قومی ترانہ سنے بغیر چل دیے
استقبالیہ تقریب کے دوران نریندر مودی روسی عہدے دار کا اشارہ سمجھنے سے قاصر
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی روس کے دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو کے ہوائی اڈے پر آمد کے موقع پر غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے اور مودی صاحب گارڈ آف آنر کے دوران بھارت کا قومی ترانہ سنے بغیر ہی چل دیے مگر انھیں ایک روسی عہدے دار پکڑ کر واپس لائے۔
ہوا یوں کہ بھارتی وزیراعظم کو ماسکو کے ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد روسی فوج کا ایک چاق چوبند دستہ گارڈ آف آنر پیش کررہا تھا اور معمول کی روایت کے مطابق اس دوران ایک روسی عہدے دار نے فوجی بینڈ کو بھارت کا قومی ترانہ بجانے کا اشارہ کیا۔
لیکن نریندر مودی شاید یہ سمجھے کہ یہ اشارہ انھیں کیا گیا ہے۔وہ روسی عہدے دار کی زبان یا اشارہ سمجھ نہیں سکے اور وہ مقررہ جگہ پر رکنے کے بجائے قدم قدم چلتے آگے چلے گئے۔
اس وقت روس کا فوجی بینڈ بھارت کا قومی ترانہ گا رہا تھا لیکن جب نریندرمودی مقررہ جگہ سے آگے چلے گئے تو ایک روسی عہدے دار نے ان کے پیچھے تیزی سے چلتے ہوئے انھیں روکا اور انھیں احترام سے پکڑ کر پیچھے لائے۔پھر وہ وہیں جم اور تن کر کھڑے ہوئے اور بھارت کا قومی ترانہ سنا۔
بھارتی وزیراعظم روس کے دو روزہ دورے پر بدھ کو ماسکو پہنچے تھے۔رات روسی صدر ولادی میر پوتین نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔اس موقع پر ملاقات میں انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وہ روسی صدر اور دوسرے عہدے داروں سے جمعرات کو ساٹھویں سالانہ سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے والے تھے۔اس میں وہ دوطرفہ تعلقات ،دفاعی شعبے میں تعاون اور اہم علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔