صحت مند
صحت مند انداز سے روزے کو یقینی بنائیں !
ماہ رمضان کے دوران اکثر لوگوں کو کھانے پینے کے حوالے سے بہت سی مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ روزے داروں کی اکثریت کو ہم افطار کے بعد ہاضمے کے مسائل ، بہت زیادہ کھالینے کے احساس، معدے کی جلن اور مسلسل پیاس کے احساس سے دوچار دیکھتے ہیں۔
عام طور پر افطار کا دسترخوان یا میز اشتہا انگیز مرغن لذیذ کھانوں سے بھرا ہوا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ شکر سے بھرپور جوس ہوتے ہیں اور پھر ان کے بعد مزیدار میٹھے کی باری آتی ہے۔ افطار سے سیر ہونے کے بعد پھر ہاضمے کے مسائل شروع ہوتے ہیں جو کہ غالبا سحری کے وقت تک رہتے ہیں۔ بسا اوقات ہم ہاضمے کے لیے اور معدے کی جلن کے خاتمے کے لیے ادویات کا سہارا لیتے ہیں۔
غذائی ماہرین ہمیشہ یہ ہدایت کرتے ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران کھانے میں تمام غذائی مجموعوں سے متعلق اشیاء مثلا اناج ، پھل ، سبزیاں ، لحمیات ، دودھ کی مصنوعات اور رس دار مشروبات ہمارے دسترخوان کا حصہ بننا چاہیں۔
طبی امور سے متعلق ویب سائٹ "بولڈ اسکائی" نے روزے داروں کے لیے 3 غذائی ہدایات پیش کی ہیں جن کے ذریعے ہاضمے سے متعلق مسائل کم ہوسکتے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران روزے کو صحت مند انداز سے یقینی بنانا آسان ہوسکتا ہے۔
1- افطار کے وقت ہلکی غذائیں.. بہتر ہے کہ روغنی اور گرم مصالحوں سے بھرپور کھانوں سے دور رہا جائے تاکہ بآسانی ہاضمے کو یقینی بنایا جاسکے اور آنتوں کے مسائل سے دور رہا جائے۔
2- سبزیوں اور پھلوں کا کثرت سے استعمال.. یہ بہت اہم ہے کہ ماہ رمضان میں جو دو کھانے کھائے جاتے ہیں ان میں پھل اور سبزیاں کافی مقدار میں ہوں تاکہ جسم کو لازمی غذائی عناصر حاصل ہوسکیں اور ہاضمے کا عمل بھی آسان رہے۔ اسی طرپانی کی وافرمقدار رکھنے والے پھل اور سبزیوں پر توجہ مرکوز ہونا چاہیے تاکہ طویل روزوں کے دوران جسم اپنی پانی کی ضرورت کو پورا کرسکے۔
3- سحری میں پروٹینز اور کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذائیں لیں.. ان غذاؤں سے دیر تک شکم سیری اور سیرابی کا احساس باقی رہتا ہے۔ لہذا یہ اہم نکتہ ہے کہ سحری کے کھانوں میں دودھ کی مصنوعات، دلیہ ، ترکاری اور بادام وغیرہ ضرور شامل ہوں۔