Thunderstorm with lightning over the city of Bodrum in Turkey/ (shutterstock)
ترکی: ریستوراں پر آسمانی بجلی گر نے سےسعودی خاتون جان سے گئی
ترکی کے شمالی شہر طرابزون میں ایک ریستوراں پر بجلی گر جانے سے ایک سعودی خاتون جاں بحق ہوگئی ہے اور اس کے خاندان کے تین اور افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اس خاتون کے خاوند عبدالعزیز السوید نے بتایا ہے کہ ان کے خاندان کے افراد سلطان مراد پارک میں واقع ایک ریستوراں میں جمعرات کی شب اپنے ماموں کے ساتھ کھانا کھا رہے تھے۔اس دوران میں گرج چمک شروع ہو گئی اور ان پر بجلی گر گئی جس سے ان کی بیوی بری طرح جھلس گئی۔بجلی گرنے سے ان کی دو بیٹیاں معمولی زخمی ہوئی ہیں اور ان کے ماموں کے جسم کے بعض حصے جل گئے ہیں۔
عبدالعزیز السوید نے بتایا ہے کہ ان کی بیوی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن بر وقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے وہ جان کی بازی ہار گئی۔ان کے بہ قول زبان کے اختلاف کی وجہ سے طبی عملہ تاخیر سے ان کی بیوی کے طبی معائنے کے لیے آیا تھا اور ان کے بچے عربی زبان میں انھیں واقعے کے بارے میں بتانے سے قاصر رہے تھے۔اس کے علاوہ اسپتال بھی وقوعہ سے کچھ فاصلے پر واقع تھا۔
سعودی روزنامے عکاظ کی رپورٹ کے مطابق عبدالعزیز کی دونوں بیٹیاں ہفتے کی رات ترکی سے القصیم شہر پہنچ گئی تھیں اور ان کا بیٹا اپنی والدہ کی میت کو لے کر اتوار کو سعودی عرب پہنچنے والا تھا۔