سعودی علاقے ’’العلا‘‘ میں عرب چیتے کی افزائش کے مرکز کو نئی یورپی منظوری مل گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عربی چیتے کی افزائش اور تحفظ کا مرکز العلا گورنریٹ کے لیے رائل کمیشن سے منسلک ہے۔ اس مرکز کو چڑیا گھر اور ایکویریم کی یورپی ایسوسی ایشن (EAZA) نے تسلیم کرلیا ہے۔ یہ سعودی مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے جس نے اس ایسوسی ایشن کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

یہ منظوری رائل کمیشن فار العلا گورنری کے عرب چیتے کے تحفظ کے عزم کی تصدیق کرتی ہے۔ اس چیتے کو معدوم ہونے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔ عربی چیتے کی افزائش اور تحفظ کا مرکز خطے میں ماحولیاتی تنوع اور نایاب جانوروں کو محفوظ رکھنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ 2020 میں مرکز کا انتظام رائل کمیشن فار العلا گورنریٹ کو منتقل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد شیروں کی تعداد 14 سے بڑھ کر 31 ہو گئی ہے۔ سال 2023 میں سات بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔ گزشتہ برس مزید پانچ بچے پیدا ہوئے۔

انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) کی درجہ بندی کے مطابق عرب چیتے کو 1996 سے انتہائی خطرے سے دوچار انواع سمجھا جاتا ہے۔ اس تناظر میں چیتے کے تحفظ اور اسے قدرتی رہائش گاہوں میں بحال کرنے کی کوششوں میں معاونت کے لیے حالیہ منظوری کی اہمیت بھی واضح ہوجاتی ہے۔

یورپی سوسائٹی کی رکنیت سعودی گرین انیشی ایٹو کے مطابق پائیدار ترقی کے حصول اور جنگلات کی بحالی کے اقدامات کے ذریعے قدرتی مقامات کی حفاظت اور قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی عکاسی کر رہی ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں